Feb ۰۶, ۲۰۲۲ ۰۹:۳۸ Asia/Tehran
  • بلومبرگ کی شہ سرخی مغربی اشتعال انگیزی کی علامت ہے: پسکوف 

روسی ایوان صدر کے ترجمان نے یوکرین معاملے میں مغربی میڈیا کی اشتعال انگیزیوں پر کڑی نکتہ چینی کی ہے۔

کریملن کے ترجمان دیمتری پسکوف نے کہا کہ مغربی ملکوں کی طرف سے کشیدگی کو بھڑکانے کی کوشش کس حد تک خطرناک ہو سکتی ہے اس کا اندازہ بلومبرگ نیوز ایجنسی کی اس شہ سرخی سے لگایا جا سکتا ہے جو اس ایجنسی نے یوکرین-روس بحران کے تعلق سے شائع کی اور پھر فورا ہی اسکی تردید کرتے ہوئے اسے ہٹا دیا۔ 
نیوز ایجنسی بلومبرگ نے حال ہی میں یوکرین-روس بحران کے تعلق سے یہ شہ سرخی ”روس نے یوکرین پر حملہ کر دیا“ لگائی  اور پھر اس خبر کی تردید کے ساتھ ہی اس شہ سرخی کو ہٹا دیا تھا۔
روسی صدر دفتر کے ترجمان دیمتری پسکوف نے سنیچر کے روز کہا کہ یوکرین پر روس کے حملے پر مبنی بلومبرگ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کا شائع ہونا اور پھر اس کی فوری تردید ہونے سے پتہ چلتا ہے کہ مغربی ملکوں کی طرف سے کشیدگی کو بھڑکانے کی کوشش کس حد تک خطرناک ہو سکتی ہے۔ اسکے ساتھ ہی انہوں نے بلومبرگ کے اس اقدام کو عمدی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس بارے میں مبالغہ آرائی سے بچنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ آن لائن نیوز ایجنسی غلط خبر شائع کرنے پر اپنے مخاطبین سے  پہلے ہی معافی مانگ چکی ہے۔  
انہوں نے مزید کہا: البتہ ان حالات سے پتہ چلتا ہے کہ اس طرح کی کشیدگی پیدا کرنا کتنا خطرناک ہے جس کے پیچھے واشنگٹن، لندن سمیت یوروپی ملکوں کے دارالحکومتوں سے روزانہ جارحانہ انداز پر مبنی جاری ہونے والے بیانات ذمہ دار ہیں، جسکا ہدف انکی فوجوں کو ہماری سرحدوں پر لانا ہے۔

ٹیگس