Feb ۱۰, ۲۰۲۲ ۱۷:۵۰ Asia/Tehran
  • یوکرین سے امریکی شہریوں کو باہر نکالنے کا کوئی پروگرام نہیں : وائٹ ہاؤس

وائٹ ہاؤس نے اعلان کیا ہے کہ یوکرین سے امریکی شہریوں کو باہر نکالنے کا کوئی پروگرام نہیں ہے

امریکہ اور نیٹو میں اس کے اتحادی ممالک ،روس پر یوکرین کے خلاف حملہ کرنے کی تیاری کا الزام لگا رہے ہیں اس کے جواب میں روس نے یوکرین پر حملے کی تیاری کے الزام کو مسترد کردیا ہے اور امریکہ اور اس کے یورپی اتحادیوں پر جان بوجھ کر کشیدگی پیدا کرنے کا الزام لگایا ہے۔

ہل جریدے کے مطابق وائٹ ہاؤس کے ایک عہدیدار نے یوکرین میں امریکی فوجیوں کی موجودگی کا جواز پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان تربیت یافتہ اور مسلح فوجیوں کو مختلف اہداف منجملہ یوکرین پر روس کے حملے کو روکنے اور اپنے نیٹو اتحادیوں کویقین دلانے کےلئے تعینات کیا گیا ہے ۔

اس امریکی عہدیدار نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ہم حالات پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اورمختلف ممکنہ منصوبوں اور سیکورٹی صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں کہا کہ ہمارے پاس امریکی شہریو ں کو اجتماعی طور پر یوکرین سے باہر نکالنے کے لئے کوئی پروگرام نہیں ہے۔

وائٹ ہاؤس کےاس عہدیدار کے یہ بیانات ایسی حالت میں سامنے آئے ہیں کہ اس سے قبل روزنامہ وال اسٹریٹ جرنل نے امریکی حکام کے حوالے سے رپورٹ دی تھی کہ وائٹ ہاؤس نے اپنے شہریوں کو یوکرین سے باہر نکالنے کے لئے پولینڈ کے فوجیوں سے مدد لینے کامنصوبہ بنا رکھا ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق امریکی شہریوں کو مدد اور خدمات فراہم کرنے کے لئے یوکرین سے ملحقہ پولینڈ کی سرحدوں کے اندر چیک پوسٹیں قائم کرنے اور دیگر انتظامات، امریکی فضائیہ کی بیالیسویں بٹالین کے فوجی کریں گے ۔

یہ فوجی امریکی شہریوں کو باہر نکالنے کے لئے براہ راست طیارے بھیجنے کے بجائے شہریوں کو نکالنے اور اس سلسلے میں ہم آہنگی کے لئے لاجسٹک مدد فراہم کریں گے۔

بائیڈن حکومت نے یوکرین میں امریکی شہریوں کو بارہا ترغیب دلائی ہے کہ وہ یوکرین سے باہر نکلنے کے لئے تجارتی پروازوں سے استفادہ کریں کیونکہ روس کے فوجی حملے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

یوکرین پر روس کے ممکنہ حملے کے بارے میں امریکی حکام کے دعوؤں کے دوران امریکی نیوزچینل فاکس نیوز نے کانگریس کے ایک عہدیدار کے حوالے سے اعلان کیا ہے کہ امریکہ کے چیف آف آرمی اسٹاف مارک میلی نے کانگریس کے خفیہ اجلاس میں کہا ہے کہ یوکرین پر روس کے بھرپور حملے کی صورت میں کی ایف حکومت بہتر گھنٹے میں گرجائے گی ۔

مغربی حکام اور ذرائع ابلاغ ، جلد ہی یوکرین پر روس کے حملے کا زور و شور سے پروپیگنڈہ کر رہے ہیں اور اسی بہانے سے انھوں نے ماسکو پر دباؤ بھی بڑھا دیا ہے ۔

امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے اس خیالی حملے کے بہانے روس پر سنگین پابندیاں عائد کردی ہیں اور مشرقی یورپ میں جنگی ساز وسامان اور اپنے فوجیوں کی تعداد بڑھا دی ہے۔

ہمارا فیس بک پیج لائک کریں 

ہمیں انسٹاگرام پر فالو کریں 

ہمیں ٹویٹر پر فالو کریں 

ٹیگس