Feb ۲۳, ۲۰۲۲ ۲۳:۴۰ Asia/Tehran
  • یوکرین میں حالات ہوئے خراب، روسی سفارتکاروں کا انخلا شروع

یوکرین میں بحران کے شدت اختیار کرنے کے بعد روس نے یوکرین سے اپنے سفارتکاروں کو نکالنا شروع کر دیا ہے۔

 روس نے یوکرین کے ساتھ جاری کشیدگی کے درمیان یہ فیصلہ کیا ہے۔ روسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بدھ کے روز روس نے یوکرین میں تعینات اپنے سبھی سفارتکاروں کو آہستہ آہستہ نکالنا شروع کر دیا ہے۔

روس کا کی ایف میں سفارتخانہ ہے جبکہ خارکیو، اوڈیسا اور لیوو میں اس کے قونصلخانے ہیں۔

یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ یوکرین کے دار الحکومت میں واقع روسی سفارتی مشن کی عمارت سے روسی پرچم بھی اتار لیا گیا ہے۔

یوکرین نے بھی اپنے شہریوں سے روس چھوڑنے اور روس کا سفر نہ کرنے کی اپیل کی ہے۔

جنگ کے آغاز کی وجہ سے یوکرین میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ملک کی سیکورٹی کونسل نے بدھ کے روز سبھی علاقوں میں 30 دنوں کی ایمرجنسی کے نفاذ کا فیصلہ کیا ہے ۔

در ایں اثنا یوکرین کی فوج نے اعلان کیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مشرقی یوکرین میں روس کے حمایت یافتہ علیحدگی پسندوں کی فائرنگ میں ایک فوجی ہلاک اور چھ ديگر زخمی ہوگئے۔

ٹیگس