Feb ۲۷, ۲۰۲۲ ۲۱:۳۴ Asia/Tehran
  • یوٹیوب سے اب روسی چینلز کمائی نہیں کر سکیں گے، جنگ کے اثرات دکھنے لگے

یوٹیوب نے یوکرین پر حملے کے بعد فیس بُک کے نقش قدم پر چلتے ہوئے روسی سرکاری میڈیا آؤٹ لیٹ آر ٹی اور دیگر روسی چینلز کو ویڈیوز پر چلنے والے اشتہارات کی رقم کی وصولی اور کمائی سے روک دیا ہے۔

یوٹیوب نے غیر معمولی حالات کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ وہ حالیہ پابندیوں کی وجہ سے روسی چینلز سمیت متعدد چینلز پر یوٹیوب پر ویڈیوز کی مونیٹائزیشن کو روک رہے ہیں۔

یوٹیوب کے ترجمان فرشاد شادلو نے کہا کہ متاثرہ چینلز کی ویڈیوز کی سفارشات بھی ہو جاتی ہیں، یوکرین کی حکومت کی درخواست پر آر ٹی سمیت کئی دوسرے چینلز پر اب یوکرین میں رسائی حاصل نہیں کی جا سکتی۔

یوکرین کے ڈیجیٹل وزیر میخائیلو فیدوروف نے ہفتے کے روز ٹوئٹ کیا تھا کہ انہوں نے روس-24، آر آئی ہے، ٹی اے ایس ایس جیسے پروپیگنڈا کرنے والے روسی چینلز کو بلاک کرنے کے لیے یوٹیوب سے رابطہ کیا ہے۔

آر ٹی نے فوری طور پر تبصرے کی درخواست کا جواب نہیں دیا جبکہ یوٹیوب نے ان دیگر چینلز کا نام نہیں لیا جن پر پابندی لگائی گئی ہے۔

برسوں سے قانون ساز اور کچھ صارفین یوٹیوب سے مطالبہ کررہے ہیں کہ وہ روسی حکومت سے منسلک اور ان سے تعلقات رکھنے والے چینلز کے خلاف زیادہ سے زیادہ کارروائی کریں کیونکہ وہ غلط معلومات پھیلاتے ہیں انہیں اس سے منافع نہیں کمانا چاہیے۔

ڈیجیٹل تحقیق کار اومیلاس نے اس وقت رائٹرز کو بتایا تھا کہ دسمبر 2018 کو ختم ہونے والے دو سال کے عرصے میں روس کو 26 یوٹیوب چینلز کے اشتہارات کی مد میں تقریباً 70 لاکھ سے 3 کروڑ 20 لاکھ ڈالر موصول ہوئے۔

ٹیگس