Mar ۰۱, ۲۰۲۲ ۲۲:۱۴ Asia/Tehran

یوکرین کے صدر نے کہا ہے کہ روس کے ساتھ جنگ میں ہماری ہی فتح ہوگی۔

ولودیمیر زیلنسکی نے یورپی یونین سے خطاب میں کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ جنگ میں فتح ہماری ہی ہوگی۔

یوکرین کے صدر زیلنسکی نے یورپی یونین کی پارلیمنٹ سے خطاب میں کہا کہ ان کا ملک روسی فوجیوں کو یوکرین سے باہر نکالنے تک جنگ کرتا رہے گا۔

انہوں نے یورپی ممالک سے درخواست کی کہ جنگ کے خاتمے تک وہ ان کے ساتھ رہتے ہوئے یوکرین کی حمایت کرتے رہیں۔

انہوں نے اپنے خطاب میں یوکرین کے سب سے بڑے شہر خارکیف پر روس کے حملے کو جنگی جرائم قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری ترجیحات دار الحکومت کی حفاظت کرنا ہے۔

جنگ زدہ ملک یوکرین کے صدر کا کہنا تھا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ گولہ باری میں تیزی انہیں جھکنے پر مجبور کرنے کے لیے کی جارہی ہے۔

یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی کا اپنے ایک ویڈیو خطاب میں کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ روس اس آسان طریقے سے یوکرین پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے۔

یوکرینی صدر کا کہنا تھا کہ دشمن کے لیے کیف اہم ہدف ہے، ہم نے انہیں دارالحکومت کا دفاع توڑنے نہیں دیا اور وہ ہماری جانب ماحول کو خراب کرنے والے تخریب کار بھیجتے ہیں، ہم ان سب منفی ہتھکنڈوں کو بے اثر کر دیں گے۔

ولودیمیر زیلینسکی نے کہا کہ روس جو یوکرین میں اپنے اقدامات کو خصوصی آپریشن قرار دیتا ہے، وہ تیس لاکھ آبادی والے شہر کیف کو بجلی فراہم کرنے والے تھرمل پاور پلانٹ کو نشانہ بنا رہا ہے۔

سیٹیلائٹ سے لی گئیں تصاویر سے پتہ چلتا ہے کہ تین ملین والی آبادی والے شہر کی ایف کے باہرجنگ کے چھٹے دن روسی ٹینکوں اور دیگر گاڑیوں کے 40 میل طویل قافلے نے یوکرین کے دارالحکومت کیف کو خوف زدہ کردیا۔

کچھ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ 29 کلومیٹر طویل ہے جبکہ کچھ ذرائع کے مطابق یہ 56 کلومیٹر طویل کارواں ہو سکتا ہے۔

یوکرین کے شہروں میں ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے اور وہاں کے شہرویوں کو محفوظ جگہوں پر جانے کا مشورہ دیا جا رہا ہے۔

کہا یہ بھی جا رہا ہے کہ روس نے یوکرین کے دار الحکومت کا محاصرہ کر لیا ہے۔

ٹیگس