Mar ۰۴, ۲۰۲۲ ۱۱:۴۲ Asia/Tehran
  • روس اور یوکرین جنگ زدہ علاقوں میں محفوظ کوریڈور قائم کرنے پر متفق

روس اور یوکرین کے مابین عارضی طور پر جنگ بندی سمیت متعدد مسائل پر اتفاق ہو جانے کی خبریں ہیں۔

عالمی میڈیا نے دعوی کیا ہے کہ روس اور یوکرین انسانی امداد کے لیے عارضی جنگ بندی پر متفق ہو گئے اور دونوں نے جنگ زدہ علاقہ چھوڑنے والوں کو بھی محفوظ کوریڈور فراہم کرنے پر بھی اتفاق ہو گیا ہے۔

یوکرین کے خلاف روسی کارروائی کے آغاز سے اب تک دونوں جانب سے یہ پہلی پیشرفت ہے۔ اطلاعات کے مطابق دونوں فریقوں نے جلد ہی تیسرے دور کے مذاکرات کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے جن کے اگلے ہفتے ہونے کا امکان ہے۔

اس حوالے سے روسی مندوب کا کہنا ہے کہ بات چیت میں کافی پیشرفت ہوئی ہے اور گفتگو میں شہریوں کے محفوظ انخلاء پر اتفاق ہو گیا ہے جبکہ یوکرین کے مذاکرات کار کا بھی یہ کہنا ہے کہ ابھی ہمارے مد نظر اہداف حاصل نہیں ہو سکے ہیں تاہم ہنگامی بنیادوں پر فریقین نے مذاکرات کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے اور یہ بھی طے ہوا ہے کہ انسان دوستانہ بنیادوں پر جنگ زدہ علاقوں سے نقل مکانی کرنے والوں کے لئے محفوظ کوریڈور فراہم کیا جائے گا۔

دوسری جانب روس کے صدر ولادیمیر پوتین نے جمعرات کے روز اپنے فرانسیسی ہم مںصب امانوئل میکرون سے گفتگو میں ایک بار پھر یہ کہا کہ یوکرین میں ہمارے اہداف پورے ہونے تک فوجی آپریشن جاری رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا بنیادی مقصد یوکرین کو ایک غیرجانبدار ملک میں تبدیل کرنا ہے اور ہم یہ مقصد حاصل کر کے رہیں گے۔ پوتین نے یہ بھی کہا کہ اگر یوکرین مذاکرات میں تاخیر سے کام لیتا ہے تو پھر جنگ بندی کے سلسلے میں ماسکو کی شرطیں مزید سخت ہو جائیں گی۔

در ایں اثناء یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے مذاکرات کے پہلے دور میں خاطر خواہ پیش رفت نہ ہونے اور دوبارہ مذاکرات کے سوال کے جواب میں کہا کہ اگر روس مذاکرات کرنا چاہتا ہے تو پہلے ہمارے شہروں پر بمباری بند کرے۔

خیال رہے کہ روسی صدر ولادیمیر پوتین نے گذشتہ ہفتے پیر کو یوکرین سے علیحدگی اختیار کرنے والے دونتسک اور لوہانسک علاقوں کی خودمختاری تسلیم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ جس کے بعد روس اور یوکرین کے مابین کشیدگی مزید بڑھ گئی تھی جو پھر بعد میں امریکہ اور نیٹو کی اشتعال انگیزیوں کی وجہ سے جنگ کی شکل اختیار کر گئی۔

ٹیگس