Mar ۰۵, ۲۰۲۲ ۱۷:۴۱ Asia/Tehran
  • مالی میں فوجی چھاؤنی پر حملہ دسیوں فوجی ہلاک

افریقی ملک مالی میں فوجی چھاؤنی پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے میں کم از کم ستائیس فوجی اہلکار مارے گئے ہیں۔

مالی اور اس کا پڑوسی ملک نیجر، دہشت گرد گروہوں منجملہ بوکو حرام دہشت گرد گروہ کے حملوں کے نشانے پر رہتا ہے۔ مالی کی فوج نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ مونڈورو کے فوجی کیمپ پر یہ حملہ جمعے کے روز ہوا جس میں ستائیس فوجی اہلکار ہلاک اور تینتیس دیگر زخمی ہوئے جبکہ سات لاپتہ بتائے جاتے ہیں۔ زخمیوں میں اکیس فوجیوں کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ فوج کی جوابی کارروائی میں سینتالیس دہشت گرد بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

حالیہ مہینوں میں مالی کی فوج پر ہونے والا یہ سب سے بڑا حملہ ہے۔ ایک فرانسیسی ذریعے نے چالیس سے پچاس دہشت گردوں کی ہلاکت کا دعوی کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ دہشت گردوں نے اکیس گاڑیوں منجملہ کئی بکتر بند گاڑیوں کو بھی اپنے قبضے میں لے لیا ہے ۔

مالی کا مونڈورو فوجی کیمپ، بورکینافاسو کی سرحد کے قریب واقع ہے۔ اس کیمپ پر اس وقت بھی فوج کا ہی کنٹرول ہے۔ اس حملے کے بعد مالی کی حکومت نے ملک میں تین روز کے عام سوگ کا اعلان کیا ہے۔

ٹیگس