Mar ۱۱, ۲۰۲۲ ۱۴:۱۰ Asia/Tehran
  • روس یوکرین جنگ کا سولہواں دن

روس کی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ یوکرین کے خلاف فوجی آپریشن کے آغاز سے اب تک تین ہزار سے زائد فوجی تنصیبات کو تباہ کیا جاچکا ہے۔ اس درمیان روسی فوج نے کہا ہے کہ جمہوریہ دونیسک کی فوج نے یوکرین کے شہر والنووا خار پر کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔

 روس کی وزارت دفاع کے ترجمان ایگور کونا شینکوف نے کہا ہے کہ روسی فوج نے جمعے کی صبح اپنے جدید ترین ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے یوکرین میں مزید متعدد فوجی تنصیبات کو اپنے حملوں کا نشانہ بنایا اور اس طرح یوکرین کے خلاف خصوصی فوجی آپریشن کے آغاز سے اب تک تین ہزار دو سو تیرہ فوجی تنصیبات کو تباہ یا ناکارہ بنایا جا چکا ہے۔

روسی وزارت دفاع  کے ترجمان نے کہا کہ روس  کے جنگی طیاروں اور دفاعی سسٹم نے بھی یوکرینی فوج کے تین ہیلی کاپٹروں اور آٹھ ڈرون طیاروں کو جن میں ٹی بی دو قسم کے  ڈوون طیارے بھی شامل ہیں مار گرایا ہے۔

روس کی وزارت دفاع کے ترجمان نے کہا  ہے کہ روسی جنگی طیاروں نے اسی طرح یوکرین کی مسلح افواج کے ایک سو سات فوجی ٹھکانوں منجملہ چھے بڑے فوجی اڈوں،  کنٹرول مراکز، ہتھیاروں کے چودہ گوداموں اور گیارہ فوجی مراکز کو تباہ کیا ہے۔

دوسری جانب امریکی وزارت جنگ پینٹاگون کے ایک اعلی عہدیدار کا کہنا ہے کہ روسی فوج نے یوکرین کے دارالحکومت کی ایف کی طرف پانچ کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہوستومل ہوائی اڈے کے قریب تک پیش قدمی کرلی ہے۔ پینٹاگون کے مذکورہ  عہدیدار نے اپنا نام نہ بتانے کی شرط پر کہا ہے کہ روسی فوجی،  دو متوازی  راستوں سے مسلسل پیش قدمی کر رہے ہیں اور مشرقی کی ایف کے قریب تک پیش قدمی کرلی ہے۔

اس درمیان جرمن چانسلر اور فرانسیسی صدر نے روسی صدر سے  اپنے ٹیلی فونی رابطے  میں صدر ولادیمیر پوتین سے فوری طور پر جنگ بندی کی اپیل کی ہے۔ جرمنی کے ایک سرکاری عہدیدار نے اعلان کیا ہے کہ اس ٹیلی فونی گفتگو میں جرمنی اور فرانس کے سربراہوں نے کہا  ہے کہ ماسکو اور کی ایف کے درمیان جاری بحران کو مذاکرات کے ذریعے حل کئے جانے کی ضرورت ہے۔

جرمن چانسلر اولاف شولتز اور فرانسیسی صدر امانوئل میکرون اور اسی طرح روس کے صدر ولادیمیر پوتین نے اپنے مابین قریبی رابطے رکھے جانے سے اتفاق کیا ہے۔

ٹیگس