Mar ۱۲, ۲۰۲۲ ۰۹:۱۴ Asia/Tehran
  • یوکرین میں بایولوجیکل ہتھیاروں کی موجودگی کا معاملہ، اقوام متحدہ بے خبر

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ وہ یوکرین میں بایولوجیکل اسلحوں کے پیداواری منصوبے سے بالکل بے خبر ہے۔

ارنا نیوز کے مطابق اقوام متحدہ کے تخفیف اسلحہ کے امور کی سربراہ ایزومی ناکامیتسو نے سلامتی کونسل کے ایک اجلاس میں کہا کہ یوکرین میں بایولوجیکل ہتھیاروں کی ساخت کے سلسلے میں کوئی اطلاع انکے پاس نہیں ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے یوکرین کے ایٹمی پلانٹ میں حادثات کے ممکنہ طور پر وقوع پذیر ہونے کی بابت خبردار کیا۔

انہوں نے کہا کہ جنگِ یوکرین جیسے مسائل سے واضح ہو گیا ہے کہ بایولوجیکل اسلحوں کے سلسلے میں عالمی سطح پر پابندیوں کے عمل کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز روس کی دعوت پر سلامتی کونسل کا ایک اجلاس بلایا گیا جس کا مقصد یوکرین میں بایولوجیکل ہتھیار بنانے والے امریکی کارخانوں کی مبینہ موجودگی کا جائزہ لینا تھا۔ روس نے یوکرین کی حکومت پر یہ الزام عائد کیا ہے کہ وہ امریکہ کی مدد سے بایولوجیکل ہتھیار بنانے کے مقصد سے کچھ لیبوریٹریز کی نگرانی کر رہی ہے۔ ساتھ ہی ماسکو نے یہ بھی کہا تھا کہ اس قسم کے مراکز خفیہ ہوا کرتے ہیں اور اقوام متحدہ کو اسکی اطلاع نہیں ہے تاہم وہ اس حوالے سے اپنے ثبوت اور دستاویزات جلد ہی اقوام متحدہ کے حوالے کر دے گا۔ کی یف اور واشنگٹن دونوں نے ہی روس کے اس دعوے کو مسترد کیا ہے۔

اس سے قبل دوہزار اٹھارہ میں بھی روس نے امریکہ پر یہ الزام لگایا تھا کہ وہ مخفی طور پر جورجیا میں بایولوجیکل ٹیسٹ انجام دینے میں مصروف ہے۔

اُدھر گزشتہ ایک ہفتے کے دوران امریکہ اور برطانیہ نے روس پر یہ الزام عائد کیا تھا کہ وہ یوکرین میں کیمائی ہتھیار استعمال کر رہا ہے۔

ٹیگس