یوکرین کی تازہ ترین صورتحال، کیف میں متعدد دھماکے
یوکرین سے موصولہ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ دارالحکومت کیف میں کم سے کم تین زوردار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ اس درمیان کیف میں ٹی وی ٹاور پر روس کے حملے میں مرنے والوں کی تعداد انیس ہوگئی ہے
یوکرین کے دارالحکومت کی ایف میں کم سے کم تین زوردار دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں جن کی تفصیلات سامنے نہیں آسکی ہیں۔ یوکرین کے ایک مقامی گورنر نے منگل کے روز اعلان کیا کہ شمالی یوکرین میں ٹی وی ٹاور پر فضائی حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر انیس ہو گئی ہے۔
روس کی وزارت دفاع نے بھی اعلان کیا ہے کہ روسی فوج نے خرسوں صوبے کو مکل طور پر اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے۔ روس کی وزات دفاع نے اسی طرح اعلان کیا ہے کہ روسی فضائیہ نے یوکرین میں گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران ایک سو چھتیس فوجی اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔
دوسری جانب روس اور یوکرین کے درمیان منگل کے روز مذاکرات کا چوتھا دور ایسی حالت میں شروع ہو رہا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان جنگ گذشتہ بیس روز سے جاری ہے کریملن کے ترجمان دیمتری پاسکوف نے کہا ہے کہ اس امکان کو مسترد نہیں کیا جا سکتا کہ روسی فوج یوکرین کے تمام بڑے شہروں کا کنٹرول اپنے ہاتھ میں لے لے۔
ادھر اقوام متحدہ کے جاری کردہ اعداد و شمار سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ جنگ سے بچ کر پناہ لینے کے لئے اپنا گھر بار چھوڑنے والے یوکرینیوں کی تعداد اٹھائیس لاکھ سے زائد ہو گئی ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوترش نے خبردار کیا ہے کہ یوکرین جنگ کے نتائج دنیا کے مختلف ملکوں میں قحط اور بھوک و افلاس کے ایک طوفان کی شکل میں برآمد ہو سکتے ہیں۔
دوسری جانب امریکی خلائی تنظیم ناسا نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے کہ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن میں موجود خلا پیما آئندہ ہفتوں میں اپنے پہلے سے طے شدہ پروگرام کے مطابق روسی خلا پیما کے ساتھ واپس لوٹ آئیں گے۔
ناسا حکام کے مطابق واشنگٹن اور ماسکو کے درمیان شدید ترین کشیدگی کے باوجود ناسا اور روسی خلائی حکام کے درمیان بھرپور تعاون جاری ہے۔
امریکی خلا پیما تیس مارچ کو واپس لوٹنے والے ہیں۔
دوسری جانب یوکرینی صدر کے دفتر کے سربراہ اولکسی آرستوویچ نے اعلان کیا ہے کہ روس کے ساتھ امن سمجھوتہ بدترین حالت میں آئندہ ایک دو ہفتوں میں طے پا سکتا ہے۔