Mar ۱۸, ۲۰۲۲ ۱۰:۴۱ Asia/Tehran
  • یوکرین کے ساتھ اب تک کوئی مفاہمت نہیں ہوئی ہے: روس

روس نے کہا ہے کہ ابھی تک یوکرین کے ساتھ مفاہمت نہیں ہوئی ہے۔

روس کے صدارتی دفتر کے ترجمان نے کہا ہے کہ ماسکو نے یوکرین کے ساتھ ممکنہ صلح سے متعلق مذاکرات میں پوری کوشش کی ہے لیکن ابھی تک مفاہمت نہیں ہوئی ہے۔

رویٹرز کے مطابق، دیمتری پسکوف نے جمعرات کو کہا کہ روسی مذاکرات کار ٹیم نے پوری کوشش کی اور یوکرینی فریق سے زیادہ ان مذاکرات میں صلح کے حصول میں اپنی آمادگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

پسکوف نے فائیننشل ٹائمز کی اس رپورٹ کو کلی طور پر غلط بتایا جس میں یہ کہا گیا ہے کہ روس اور یوکرین کے مابین صلح کے ایک آزمائشی منصوبے پر اہم پیشرفت ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ایسی پیشرفت ہوئی جو رپورٹنگ کے لائق ہو تو روسی صدر کا دفتر اسکی رپورٹنگ کرے گا۔

24 فرروی کو جب سے روس نے یوکرین کے خلاف فوجی کارروائی شروع کی ہے، دونوں ملکوں کے مابین مختلف سطح کے کئی مذاکرات ہو چکے ہیں لیکن کوئی بھی بات بڑے پیمانے پر جنگ بندی کا پیش خیمہ نہیں بن سکی۔

ترکی میں روس اور یوکرین کے وزرائے خارجہ کے مابین مذاکرات کا بھی خاطرخواہ نتیجہ سامنے نہیں آیا۔ ان مذاکرات کا نتیجہ کچھ علاقوں میں موقت جنگ بندی لاگو ہونے اور انسانی راہداری کے ذریعے عام لوگوں کو باہر نکالنے کے  کوائف تک محدود رہا۔

ٹیگس