جنگ یوکرین کا چوبیسواں دن
روس یوکرین جھڑپیں چوبیسویں روز میں داخل ہو گئی ہیں اور دارالحکومت کیف سمیت یوکرین کے بڑے شہروں کے اطرف میں فریقین کے درمیان شدید لڑائی کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔
روسی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ اس نے ایوانو فرانکی فسک شہر کے قریب یوکرین کے میزائیلوں کے ایک گودام کو نشانہ بنا کر تباہ کردیا ہے۔ روسی وزارت دفاع نے اودیسا شہر کے قریب یوکرینی فوج کے انٹیلی جنس مرکز کو بھی تباہ کرنے کا دعوی کیا ہے۔
ماسکو میں روسی وزارت دفاع کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پچھلے چوبیس گھنٹے کی جنگ میں یوکرینی فوج کے تقریبا ستر مراکز، تین ایس تھری ہنڈریڈ میزائل ڈیفنس سسٹم اور بارہ ڈرون طیاروں کو تباہ کیا گیا ہے۔ اسی دوران اطلاعات ہیں کہ یوکرینی فوج نے کسی انتباہ کے بغیر دونسک کو ماریوپول سے ملانے والے ایک پل کو دھماکے سے تباہ کردیا ہے۔ جس سے عام شہریوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ ادھر یوکرینی فوجی کمانڈ نے کہا ہے کہ روسی فوج کی سدرن کمانڈ کے سربراہ جنرل آندرے مور دوی چیف لڑائی کے دوران ہلاک ہوگئے ہیں۔ روسی ذرائع سے اس خبر کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔