امریکی جنگی طیارہ حادثے کا شکار، 4 فوجی ہلاک
امریکا کا ایک جنگی طیارہ ناروے میں حادثے کا شکار ہو گیا اور اس میں سوار چار فوجی ہلاک ہوگئے۔
روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق نیٹو کی فوجی مشقیں چل رہی تھیں کہ موسم کی خرابی کی وجہ سے مقامی وقت کے مطابق 6 بج کر 26 منٹ پر حادثہ پیش آیا۔
ناروے کی فوج نے بتایا کہ طیارے میں سوار چار امریکی فوجیوں کی ہلاکت کی تائید ہوگئی ہے۔
ناروے کی فوج کے مطابق حادثے کا شکار طیارہ امریکی بحریہ کا وی-22 بی آسپرے تھا۔
ناروے کے وزیر اعظم جوناس گہر اسٹور نے سنیچر کو یہ اطلاع دی کہ اس فوجی مشق کا جنگ یوکرین سے ہوئی تعلق نہیں ہے۔
انہوں نے ٹوئٹ کرکے کہا کہ جمعے کی رات ہوئے اس حادثے میں امریکا کے 4 فوجی ہلاک ہوگئے، ہم ہلاک ہونے والے فوجیوں کے اہل خانہ اور ساتھیوں کو تعزیت پیش کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ 14 مارچ سے نیٹو کی فوجی مشقیں شروع ہوئی ہیں جس میں دنیا کے 27 ممالک کے تقریبا 30 ہزار فوجی، 220 طیارے اور 50 جہاز شامل ہیں۔ اس میں غیرنیٹو رکن فنلینڈ اور سوئڈن بھی شرکت کر رہے ہیں۔ یہ فوجی مشق 1 اپریل کو اختتام پذیر ہوگی۔