Mar ۲۶, ۲۰۲۲ ۱۲:۲۲ Asia/Tehran
  • یوکرین میں فوجی آپریشن کا پہلا مرحلہ مکمل ہو گیا: روس

یوکرین میں روس کے فوجی آپریشن کے پہلے مرحلے کے مکمل ہونے پر ایک ماہ سے جاری جنگ میں فوجی ہلاکتوں کی تفصیل جاری کردی گئی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق روس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ یوکرین میں فوجی آپریشن کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے، دونباس ریجن کا 93 فیصد علاقہ روس کے کنٹرول میں آچکا ہے، یوکرین کے جن شہروں کا محاصرہ جاری ہے وہاں فوج پیش قدمی کر سکتی ہے۔

روسی وزارت دفاع کے مطابق یوکرین میں فوجی آپریشن کا پہلا ہدف دونباس ریجن کو آزاد کرنا تھا، لوہانسک اور دونیسک ریاستوں کے ساتھ ساتھ دونباس ریجن کا 93 فیصد علاقہ روس کے کنٹرول میں چلا گیا، جنگ میں اب تک 1351 روسی فوجی ہلاک جبکہ 3825 زخمی ہو چکے ہیں۔

روسی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ صدر ولادیمیر پوتن کے اہداف حاصل ہونے تک فوجی آپریشن رہے گا، یوکرین کے جن شہروں کا محاصرہ جاری ہے، اگلے مرحلے میں وہاں پیشقدمی ہوسکتی ہے، روسی فوج کو مشرقی محاذ پر اہم کامیابی ملی ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق روسی فوج نے کریمیا اور دونیسک ریجن کے درمیان زمینی راہداری قائم کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے، اس راہداری کے راستے میں ماریوپول اور بیر دیانسک جیسے بڑے شہر بھی آتے ہیں۔

روسی فوج نے کیف میں ایک آئل ڈپو کو کروز میزائل حملے میں تباہ کر دیا، آئل ڈپو میں لگنے والی آگ پر ایک روز گزرنے کے بعد بھی قابو نہیں پایا جاسکا، تاہم یوکرینی حکام کا کہنا ہے کہ آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا گیا ہے۔

ادھر یوکرینی فوج نے ایک اور روسی جنرل کو مارنے کا دعویٰ کیا ہے۔ یوکرینی حکام کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل یاکوف کو خیرسون میں لڑائی کے دوران مار دیا، یوکرین جنگ میں اب تک 6 یوکرینی جنرل اور درجنوں اعلیٰ افسران ہلاک ہو چکے ہیں۔

ٹیگس