Mar ۲۶, ۲۰۲۲ ۲۳:۰۴ Asia/Tehran
  • امریکا کا تحریک آمیز قدم، بائیڈن کی یوکرین کے وزراء سے پولینڈ میں ملاقات

امریکی صدر جو بائیڈن نے پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں یوکرین کے دو وزرا سے ملاقات کی جو روسی حملوں کے آغاز کے بعد کی ایف کے عہدیداروں سے ان کی پہلی ملاقات ہے۔

یوکرین کے وزیرخارجہ دیمتروکولیبا اور وزیردفاع اولیکسی ریزنیکوف نے یوکرین سے باہرغیرمعمولی سفر کیا اور پولینڈ پہنچے۔

امریکی صدر اور یوکرینی وزرا کے درمیان ملاقات وارسا کے میریٹ ہوٹل میں ہوئی جہاں تنازع کے آغاز کے بعد یوکرین سے مہاجرین کی آمد مسلسل جاری ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جو بائیڈن سفید رنگ کی ٹیبل کے سامنے سیکریٹری آف اسٹیٹ انٹونی بلنکن اور امریکی سیکریٹری دفاع لیوئیڈ آسٹن کے ساتھ کولیبا اور ریزینیکف کے سامنے بیٹھے ہوئے تھے۔

ٹیبل کے عقب میں یوکرین اور امریکا کے پرچم بھی نمایاں تھے۔

یوکرین کے وزیرخارجہ سے امریکی صدر سے آخری ملاقات روسی حملے سے دو روز قبل 22 فروری کو تھی۔

اس کے بعد کولیبا نے سیکریٹری اسٹیٹ بلینکن سے 5 مارچ کو یوکرینی سرحد کے قریبی علاقے میں ملاقات کی تھی۔

امریکی صدر رواں ہفتے کے آغاز میں برسلز میں یورپی یونین اور نیٹو کے رہنماؤں کے اجلاس میں شرکت کے بعد پولینڈ کے دورے پر پہنچے تھے جہاں انہوں نے دوسرے اور آخری روز یوکرینی وزرا سے ملاقات کی۔

ٹیگس