ایٹمی ہتھیاروں کے ممکنہ استعمال کے بارے میں مغرب کے دعوے پر روس کا ردعمل
Mar ۲۹, ۲۰۲۲ ۱۶:۰۷ Asia/Tehran
روس نے جنگ یوکرین میں ایٹمی ہتھیاروں کے ممکنہ استعمال کے بارے میں مغرب کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس کے وجود کو خطرہ لاحق ہونے کی صورت میں ہی ایٹم بم کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔
قصر کرملین کے ترجمان دیمتری پاسکوف نے منگل کے روز امریکہ کے پی بی ایس ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک یوکرین کی جنگ میں ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال کی ضرورت محسوس نہیں کرتا۔
انہوں نے تاکید کی کہ یوکرین میں کسی بھی قسم کی کارروائی کا نتیجہ ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال کی وجہ نہیں بن سکتا۔
دیمتری پاسکوف نے کہا کہ البتہ سلامتی کے بارے میں روس کا اپنا ایک مفہوم ہے اور وہ بہت واضح ہے کہ جب بھی روس کے وجود کو خطرہ ہو گا تو وہ اس خطرے کا مقابلہ کرنے لئے ہی ایٹمی ہتھیاروں کا استعمال کر سکتا ہے۔