Apr ۰۶, ۲۰۲۲ ۰۸:۰۱ Asia/Tehran
  • ایران بحیرۂ خزر کے ساحلی ممالک کے مابین تعلقات میں فروغ کے لئے کوشاں

ایران نے بحیرۂ خزر کے ساحلی ممالک کے درمیان تعلقات میں فروغ کے لئے علاقائی تعاون کا ہمیشہ خیر مقدم کیا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللھیان نے منگل کی شب اپنے ترکمنی ہم منصب رشید مدووف سے ٹیلیفونی گفتگو میں انہیں ماہ رمضان کی آمد کی مبارکباد پیش کی۔ اس گفتگو میں انہوں نے دونوں ملکوں کے مابین تعلقات میں فروع کی کوششوں کے جاری رہنے کا ذکر کیا اور کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ان تعلقات کو سبھی شعبوں میں فروغ دینے بالخصوص بحیرۂ خزر کے ساحلی ممالک کے درمیان فروغ دینے کا خواہاں ہے۔

ایران پریس کے مطابق، حسین امیر عبداللہیان نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران علاقائی تعاون بالخصوص بحیرۂ خزر کے ساحلی ملکوں کے مابین تعلقات میں فروغ کے لئے مشترکہ ورکنگ گروپ کے اجلاس کا خیر مقدم کرتا ہے۔

اس ٹیلیفونی گفتگو میں ترکمن وزیر خارجہ نے بھی ماہ رمضان کی مبارکباد پیش کی اور بحرۂ خزر کے ساحلی ملکوں کے درمیان تعاون کے مقصد سے ایک مسودہ تیار کرنے کے لئے ماہرین کی سطح پر انجام پانے والے اقدامات کا ذکر کیا جن میں بحیرۂ خزر کے ساحلی ملکوں کے مابین منشیات کے خلاف جد و جہد، ریسکیو آپریشن اور علمی و سائنسی میدان میں تعاون کا مسودہ بھی شامل ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کثیر فریقی تعاون کو فروغ دینے کے مقصد سےبحیرۂ خزر کے پانچ ملکوں کے وزرائے خارجہ کے مشترکہ اجلاس کی تجویز بھی پیش کی۔

اسلامی جمہوریہ ایران، روس، جمہوریہ آذربائیجان، ترکمنستان اور قزاقستان بحیرۂ خزر کے ساحلی ممالک ہیں۔

 

ٹیگس