روس کے تیل پر پابندی سے قیمتیں آسمان کو چھو جائیں گی، امریکہ کا اعتراف
ایک طرف امریکی صدر روس سے تیل نہ خریدنے کا مطالبہ کر رہے ہیں تو دوسری طرف امریکی وزیر خزانہ نے انتباہ دیا ہے کہ اگر روس سے تیل کی خریداری پر پوری طرح پابندی لگائی گئی تو پوری دنیا میں ایندھن کی قیمت بہت بڑھ جائے گی۔
روس کے خلاف زیادہ سے زیادہ پابندی کے اعلان کے بعد نہ صرف تیل کی قیمت بڑھی ہے بلکہ سپلائی کی طرف سے بھی تشویش بڑھ گئی ہے۔
امریکی وزیر خزانہ جینٹ یلن نے اس بارے میں کہا کہ روس کے تیل کی برآمدات کو روکنے سے مشکل یہ پیش آ رہی ہے کہ بہت سے ممالک بالخصوص یورپ اسکے تیل پر منحصر ہے اور اگر روس کے تیل پر پابندی لگا دیں تو امریکہ سمیت پوری دنیا میں اشیاء کی قیمتیں آسمان کو چھو جائیں گی۔
انہوں نے کہا چونکہ تیل کی مانگ کلی طور پر ٹھہری ہوئی ہے لہٰذا اس پر حد سے زیادہ پابندیاں لگانے سے قیمت پر بہت زیادہ اثر پڑے گا۔
قابل ذکر ہے کہ دنیا میں تیل کی بڑھتی مانگ اور کورونا کے بعد صنعتی سرگرمیاں شروع ہونے سے موجودہ حالات میں جہاں ایک طرف تیل کی سپلائی ڈیمانڈ کو پوری نہیں کر پا رہی ہے تو دوسری طرف یوکرین کے بحران سے بھی حالات مزید خراب ہو گئے ہیں۔