Apr ۱۶, ۲۰۲۲ ۱۹:۰۱ Asia/Tehran
  • فرانس میں پر تشدد مظاہروں کا خدشہ

فرانس کی پولیس نے دار الحکومت پیرس اور ملک کے دوسرے بڑے شہروں میں پر تشدد مظاہروں کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

فرانس میں دوسرے مرحلے کے صدارتی انتخابات سے ایک ہفتے قبل پولیس کا کہنا ہے کہ انتہائی دائیں بازو کی قدامت پرست رہنما میرین لوپن کے اقتدار میں آنے کے خلاف کم سے کم تیس شہروں میں مظاہرے کئے جا سکتے ہیں۔

فرانس میں پہلے دور کے صدارتی انتخابات میں موجودہ صدر امانوئل میکرون نے ستائیس اعشاریہ آٹھ چھے فی صد جبکہ ان کی مخالف میرین لوپن نے تئیس اعشاریہ ایک پانچ فیصد ووٹ حاصل کیے ہیں اور معاملہ دوسرے مرحلے میں پہنچ گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ میرین لوپن کے خلاف ہونے والے مظاہروں میں پندرہ ہزار سے زائد افراد کی شرکت متوقع ہے۔ یہ مظاہرے انسانی حقوق اور سول سوسائٹی کی بعض تنظیموں کی اپیل پر کیے جا رہے ہیں۔ ان مظاہروں کا مقصد انتہا پسند جماعتوں کی امیدوار میرین لوپن کے برسر اقتدار آنے کے امکان کے خلاف احتجاج کرنا ہے۔

فرانسیسی صحافیوں کی انجمن نے بھی خدشہ ظاہر کیا ہے کہ میرین لوپن کے اقتدار میں آنے سے ذرائع ابلاغ اور صحافیوں کی آزادی خطرے میں پڑنے کا اندیشہ ہے۔

ٹیگس