ماسکو نے ایٹمی جنگ روکنے کی کوشش ترک نہیں کی: سرگئی لاوروف
روس کے وزیر خارجہ نے مغربی میڈیا کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماسکو نے ایٹمی جنگ روکنے کی کوشش نہ تو ترک کی ہے اور نہ آئندہ اُسے ترک کرے گا۔
روسی وزیرخارجہ سرگئی لاوروف نے اٹلی کے ٹی وی چینل میڈیا سیٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ایسی حالت میں جب ماسکو ایٹمی جنگ روکنے کی کوشش کا پابند ہے مغربی میڈیا، روسی انتباہات کے بارے میں غلط پروپیگنڈا کر رہا ہے ۔
سرگئی لاوروف نے اس انٹریو میں مزید کہا کہ ہمارا مقصد یوکرین میں حکومت تبدیل کرنا نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس کام میں امریکیوں کو مہارت حاصل ہے اور انھوں نے دنیا کے مختلف ملکوں میں یہ کیا ہے۔ لاوروف نے کہا کہ امریکہ ہمیشہ ہی حکومتوں کو تبدیل کرنے کی کوشش کرتا رہا ہے اور اس نے پوری دنیا میں یہ کام انجام دیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ہم مشرقی یوکرین کے عوام کے لئےامن و سیکورٹی چاہتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ انھیں دھمکایا نہ جائے اور یوکرین کے اندر سے روس کی سیکورٹی کو خطرہ لاحق نہ ہو۔
روس کے وزیرخارجہ نے نو مئی تک جنگ ختم ہونے کے امکان کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ جنگ ختم ہونے کی تاریخ طے نہیں کی جا سکتی۔