یوکرین کے 39 فوجی مراکز تباہ ہوئے، روس
May ۰۴, ۲۰۲۲ ۰۸:۵۴ Asia/Tehran
روس کی وزارت دفاع کے ترجمان نے یوکرین کو ہونے والے نقصانات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس کی فضائیہ نے منگل کے روز یوکرین کے 39 فوجی مراکز کو تباہ کیا ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق، روس کی وزارت دفاع کے ترجمان ایگور کوناشنکف نے اپنی روزانہ کی بنیاد پر جاری ہونے والی رپورٹ میں کہا ہے کہ منگل کے روز یوکرین کے 39 فوجی مراکز کو تباہ کرنے کے علاوہ ہتھیاروں کے 6 گوداموں اور اسی طرح امریکی ساخت کے ایک ریڈار کے مرکز کو میزائل سے تباہ کر دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ صرف منگل کے روز یوکرین کے 210 فوجی ہلاک ہوئے۔
واضح رہے کہ یوکرین کی جنگ کو 70 روز ہو گئے ہیں اور اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق، یوکرین کے 37 لاکھ افراد نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوئے ہیں اور اب تک 1080 عام شہری مارے جا چکے ہیں۔