مغرب کے خطرات کو روکنے کے لئے یوکرین کے خلاف کاروائی کی: روسی صدر
روسی صدر ولادیمیر پیوتن نے دوسری عالمی جنگ میں حاصل ہونے والی کامیابی کی سالگرہ کی تقریب سے خطاب کیا۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پوتن نے کہا کہ ان لوگوں کو خراج عقیدت پیش کئے جانے کی ضرورت ہے جنہوں ںے نازیوں کے مقابلے میں کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے نیو نازیوں کے مقابلے میں جدوجہد کو ضروری قرار دیا۔
روسی صدر نے یوکرین کے مسئلے کی طرف بھی اشارہ کیا اور کہا کہ یوکرین میں روس کی مداخلت کی اشد ضرورت تھی اس لئے کہ مغرب ہماری سرزمین منجملہ کریمیا پر حملہ کرنے کی تیاری کر رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ روس اس وقت بھی اپنی آبائی سرزمین کی سیکورٹی کا دفاع کر رہا ہے۔
یوکرین کی جنگ اب اپنے تیسرے مہینے میں داخل ہو گئی ہے اور اب تک پچیس ملکوں کی جانب سے یوکرین کو مختلف قسم کے جنگی ہتیھار ارسال کئے جا چکے ہیں جبکہ روس کا کہنا ہے کہ وہ یوکرین پر قبضہ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔
یہ ایسے میں ہے کہ یوکرین کی جنگ شروع ہونے کے بعد سے یورپ و امریکہ کی جانب سے روس پر مسلسل دباؤ ڈالا جا رہا ہے جس میں ماسکو کے خلاف طرح طرح کی پابندیاں شامل ہیں جبکہ روس پر زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالنے کے لئے روسی تیل و گیس کے خلاف عمل میں لائے جانے والے اقدامات کی بنا پر خود یورپی منڈیوں اور یورپ کی معیشت کے لئے خاصے مسائل پیدا ہو گئے ہیں۔