May ۱۴, ۲۰۲۲ ۲۰:۱۰ Asia/Tehran
  • فائل فوٹو
    فائل فوٹو

امریکہ میں پیٹرول کی قیمتوں نے ملکی تاریخ کے گذشتہ سارے ریکارڈ توڑ دیئے

فارس نیوز ایجنسی نے رشا ٹوڈے کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ امریکی آٹوموبائل ایسوسی ایشن (اے اے اے) نے اعلان کیا ہے کہ گذشتہ شب ملک کے پیٹرول پمپوں پر تیل کی قیمت ریکارڈ اونچائی پر پہنچ گئی۔

اے اے اے کی رپورٹ کے مطابق امریکہ میں ایک گیلن تیل کی قیمت چار ڈالر تینتالیس سینٹ ہو گئی ہے۔ یہ اعداد و شمار ساٹھ ہزار پیٹرول پمپوں سے اکٹھا کئے گئے ہیں۔ پیٹرول کی سب سے زیادہ قیمت کیلیفورنیا میں رہی اور اس ریاست کے عوام ہر گیلن یعنی تقریبا چار لیٹر پیٹرول کے لئے پانچ ڈالرستاسی سینٹ ادا کرنے کے لئے مجبور ہیں۔

گذشتہ ہفتوں کے دوران امریکہ میں پیٹرول کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ ہوا ہے اور اس کی وجہ عالمی منڈی میں تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو بتایا گیا ہے جس پر قابو پانے کے لئے وائٹ ہاؤس کی تمام کوششیں اب تک ناکام رہی ہیں۔

جمعے کو ہر بیرل خام تیل کی قیمت ایک سو دس ڈالر پہنچ گئی جبکہ ہر بیرل امریکی خام تیل کی قیمت ایک سو نو ڈالر رہی۔ انرجی کی طلب بڑھنے کے باعث دنیا میں تیل اور انرجی کے ذخائر میں کمی آئی ہے۔

یوکرین کا بحران بھی عالمی تیل کی منڈی میں اضافے کا باعث بنا ہے کیونکہ امریکہ سمیت بعض ممالک نے روسی تیل کا بائیکاٹ کر دیا ہے۔ روس تیل اور گیس پیدا اور برامد کرنے والے بڑے اور اہم ملکوں میں شامل ہے۔

 

ٹیگس