Jun ۱۰, ۲۰۲۲ ۱۱:۵۷ Asia/Tehran
  • یوکرینی صدر کا دعویٰ، ملک کے کئی علاقے آزاد کرا لئے گئے

یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے روسی صدر ولادیمیر پوتین اور 200 سے زیادہ روسی حکام پر پابندیاں لگانے والے دو الگ الگ فرمانوں پر دستخط کیے ہیں۔

 یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے خارکیف کے متعدد علاقوں کو آزاد کرانے کا دعویٰ کرتے ہوئے اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ ہم روسی فوجیوں کو پسپائی پر مجبور کر رہے ہیں۔

ویڈیو خطاب میں زیلنسکی نے کہا کہ جنوب مشرقی زاپوریزہیا کے علاقے سے مثبت خبروں کی اطلاعات ہیں، یوکرین کی افواج روسی فوجیوں کو ناکام بنانے کی کوشش کر رہی ہیں۔

یوکرین کی وزارت دفاع نے کھیرسن کےعلاقے واپس حاصل کرنے کی تصدیق کی ہے۔ یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے ایک بار پھر بیان میں یوکرین کے یورپی یونین میں شامل ہونے کے عزائم کا اعادہ کیا۔

دوسری جانب یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے روسی صدر ولادیمیر پوتین اور 200 سے زیادہ روسی حکام پر پابندیوں کے سلسلے میں دو الگ الگ فرمانوں پر دستخط کیے ہیں۔

اس پابندی کے تحت روس یوکرین کے ذریعے کسی بھی طرح کی کاروباری سرگرمی کو آپریٹ نہیں کرسکے گا جس میں درآمدات و برآمدات بھی شامل ہے اور نہ ہی یوکرین میں وہ کسی جائیداد کا حقدار ہو گا۔

جمعرات کو دستخط کیے گئے حکم نامے کے مطابق، روسی وزیر اعظم میخائل میشوسٹن اور کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف سمیت 34 اعلیٰ روسی حکام پر اسی طرح کی پابندیاں نافذ ہوں گی۔ اس کے علاوہ فرمان میں 263 اعلیٰ تعلیمی اداروں پر پابندی عائد کی گئی ہے جس کے تحت روسی تعلیمی ادارے یوکرین میں کسی بھی تعلیمی ادارے کے ساتھ ثقافتی، سائنس اور کھیل جیسے مضامین کا تبادلہ نہیں کر سکتے۔

ٹیگس