Jun ۱۶, ۲۰۲۲ ۱۵:۰۹ Asia/Tehran
  • یوکرین کیلئے نیٹو کی حمایت، کشیدگی کم کرنے میں  مدد نہیں کر سکتی: روس

روس نے نیٹو کے سربراہ کے بیانات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیٹو کی جانب سے یوکرین کی حمایت روس کے ساتھ اس کی کشیدگی کم کرنے میں کوئی مدد نہیں کرسکتی

 روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے سنٹ پیٹرزبرگ اقتصادی فورم کے اجلاس کے موقع پر کہا کہ نیٹو جب تک یوکرین کی حمایت کرتا رہے گا اس وقت تک اسے روس کے ساتھ اپنے رکن ممالک کی کشیدگی ختم ہونے کی امید نہیں کرنا چاہئے ۔
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان زاخارووا نے نیٹو کے سربراہ ینس اسٹولٹنبرگ کے اس بیان کے بارے میں کہ مغربی اتحاد کیف کی حمایت جاری رکھے گا اور ساتھ ہی روس کے ساتھ مزید کشیدگی روکنے کی کوشش کرے گا کہا کہ ایسا ممکن نہیں ہے۔

انھوں نے نیٹو اور یورپی یونین پر تضاد اور دوغلے پن کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وہ ایک طرف روس کے خلاف سخت پابندیاں عائد کئے ہوئے ہیں اور کیف کو روس کے خلاف اکسا رہے ہیں اور دوسری جانب چاہتے ہیں کہ ماسکو ان کے اشتعال انگیزاقدامات پر خاموش رہے۔

روس اور یوکرین کے درمیان گذشتہ چار مہینوں سے جاری جنگ کے ساتھ ہی روسی فوجی حملوں، یوکرین کے لئے ہتھیاروں کی ترسیل اور جنگ کے سیاسی ، فوجی ، اقتصادی اور سماجی نتائج پر ردعمل کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ نیٹو اور اس کے اتحادی ممالک نے اب تک روس یوکرین جنگ میں براہ راست فوجی مداخلت سے اجتناب کیا ہے تاہم وہ یوکرین کو اسلحہ، ایندھن اور فوجی ساز و سامان فراہم کر رہے ہیں۔ 

ٹیگس