ایران کے ساتھ حتمی معاہدے کے بہت قریب ہیں: یورپی یونین
یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے ترجمان نے کہا ہے کہ جوہری معاہدے کی بحالی کے مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے اور ہم ایران کے ساتھ حتمی معاہدہ طے پانے کے بہت قریب ہیں۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے ترجمان پیٹر اسٹانو نے کہا ہے کہ جوہری معاہدے کی بحالی کی کوششیں جاری ہیں اور اس حوالے سے یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ "جورف بورل" اور ان کی ٹیم، مذاکرات کے کسی نتیجے پر پہنچنے کے لئے کوشش کر رہے ہیں۔
یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے ترجمان نے بورڈ آف گورنرز میں ایران کیخلاف قرارداد کی منظوری کے بعد تہران کے جوابی اقدامات کے حوالے سے کہا کہ ہمیں بہت خدشات ہیں اور اسی وجہ سے ہم جوہری معاہدے کی بحالی اور اس کے بھر پور نفاذ کے در پے ہیں۔
پیٹر اسٹانو نے کہا ماضی میں امریکی و یورپی فریقوں کی وعدہ خلافیوں کا کوئی ذکر کئے بغیر کہا کہ جب یہ معاہدہ مکمل طور پر نفاذ ہوگا تب اس سے متعلق کیے گئے تمام وعدوں پر عمل درآمد ہوگا اور اس معاہدے کے فریقین اپنی ذمہ داریوں پر عمل کریں گے۔
انہوں نے ایران کیجانب سے معاہدہ طے پانے کی راہ میں رکاوٹیں حائل کرنے کے سوال کے جواب میں کہا کہ ہم کوارڈینیٹر کی حیثیت سے پوری طرح کوشش کریں گے تاکہ فریقین کے درمیان کوئی معاہدہ ہو جائے تاہم یہ ایک سفارتی اور مذاکراتی عمل ہے۔