Jun ۲۹, ۲۰۲۲ ۰۸:۲۷ Asia/Tehran
  • دوحہ مذاکرات کا مقصد جوہری معاہدے پر عمل در آمد ہے: جوزپ بورل

یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ دوحہ مذاکرات کا مقصد جوہری معاہدے پر عمل در آمد کی زمین ہموار کرنا ہے۔

فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزپ بورل نے دوحہ مذاکرات شروع ہونے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے اپنے ٹوئیٹ میں کہا کہ ان مذاکرات کا مقصد جوہری معاہدے پر عمل در آمد کیلئے مذاکراتی عمل کی جانب واپسی ہے۔

دوسری جانب یورپی یونین کے ترجمان «پیٹر استانو» نے توقع ظاہر کی کہ دوحہ مذاکرات ویانا مذاکرات میں تعطل کو دور کرنے کا باعث بنیں گے۔

منگل کے روز سے اسلامی جمہوریہ ایران کے اعلی مذاکرات کار علی باقری کنی اور پابندیوں کی منسوخی کے ویانا مذاکرات کے کوآرڈینیٹر انریکہ مورا کے درمیان مذاکرات کا دوحہ میں آغاز ہوگیا۔

یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ اور جوہری معاہدے کے مشترکہ کمیشن کے کوآرڈینٹیر جوزف بورل کے حالیہ دورۂ تہران میں کیے گئے معاہدوں کے فریم ورک کے اندر، نائب ایرانی وزیر خارجہ برائے سیاسی امور اور اعلی ایرانی مذاکرات کار علی باقری کنی پابندیوں کی منسوخی پر مذاکرات کیلئے دوحہ پہنچ گئے۔

ایرانی محکمہ خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے منگل کو پریس کانفرنس میں ویانا مذاکرات سے متعلق واضح کیا تھا کہ ہم مستقبل کے مذاکرات میں جوہری پہلووں پر بات چیت نہیں کریں گے بلکہ پابندیوں کی منسوخی پر باقی دیگر موضوعات پر بات چیت ہوگی۔ سعید خطیب زادہ نے مزید کہا کہ ایرانی وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے بھی پہلے کہا تھا کہ یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ "جوزف بورل" مذاکرات میں سہولت کار کا کردار ادا کر رہے ہیں اور مذاکرات پابندیوں کی منسوخی پر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ویانا میں کیے گئے فیصلوں پر کچھ بھی شامل یا کم نہیں کیا جائے گا اور یہ مذاکرات بالواسطہ اور تصفیہ طلب امور پر ہوں گے۔

ٹیگس