Jul ۱۸, ۲۰۲۲ ۱۲:۲۷ Asia/Tehran
  •  معاشی بحران سے دوچار سری لنکا میں ایمرجنسی نافذ

 معاشی بحران سے دوچار سری لنکا میں آج پیر کے روز سے ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق، سری لنکا کے قائم مقام صدر رانیل وکرما سنگھے نے آئین کے آرٹیکل 40(1)(c) اور سیفٹی آرڈیننس کے آرٹیکل 02 (باب 40) کے تحت حاصل اختیارات کی بنیاد پر ایمرجنسی کا اعلان کیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ سری لنکا میں پبلک ایمرجنسی کا اعلان عوامی تحفظ اور امن عامہ کے تحفظ کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ سری لنکا کو 1948 میں برطانیہ سے آزادی کے بعد سے بدترین معاشی بحران کا سامنا ہے۔

سری لنکا کے قائم مقام صدر رانیل وکرما سنگھے نے جمعہ کے روز سری لنکا کے عبوری صدرکے عہدے کا حلف اٹھایا تھا، وہ پارلیمنٹ میں نئے صدر کے انتخاب تک بطور صدر فرائض انجام دیں گے۔

اس سے قبل ملک سے فرار ہوکر مالدیپ اور پھر سنگاپور پہنچنے والے سری لنکا کے صدر گوٹابایا راجا پاکسے نے استعفیٰ دے دیا تھا۔ صدر کے استعفے کی خبر سن کر ہزاروں مظاہرین نے جشن منایا۔

سری لنکا میں بدترین معاشی بحران جاری ہے اور عوام کو سنگین معاشی بحران کے باعث  گذشتہ کئی ماہ سے بدترین لوڈشیڈنگ، ایندھن، خوراک، دواؤں اور دیگر بنیادی ضروریات کی شدید قلت کا سامنا ہے۔

ٹیگس