Jul ۳۱, ۲۰۲۲ ۱۶:۴۲ Asia/Tehran
  • دونیسک سے یوکرینی فوج کی پسپائی

یوکرین کے صدر ولادیمیر زلنسکی نے اپنے ملک کی فوج کو مشرقی یوکرین میں دونیسک کے محاذوں سے پسپائی اختیار کرنےکے احکامات جاری کردیئے ہیں۔

مشرقی یوکرین میں لوہانسک اور دونیسک روسی نژاد شہریوں کی آبادی کے علاقے ہیں اور ان دونوں علاقوں نے سن دو ہزار چودہ میں اس وقت کی حکومت کے خلاف مغرب نوازعناصر کی بغاوت کے بعد اپنی خودمختاری کا اعلان کر دیا تھا۔

ایران پریس کی رپورٹ کے مطابق یوکرین کے صدر ولادیمیر زلنسکی نے ہفتے کی رات اپنے ایک فرمان میں یوکرین کے فوجیوں اور شہریوں سے کہا ہے کہ وہ اس سیکٹر کے جنگی محاذوں سے فوری طور پر پیچھے ہٹ جائیں اور ان علاقوں کو ترک کردیں ۔ یوکرین کے نائـب وزیر اعظم ایرینا ورشچوک نے بھی اعلان کیا ہے کہ ان علاقوں سے انخلا کا عمل موسم سرما شروع ہونے سے قبل ہی شروع ہونا چاہئے اس لئے کہ علاقے میں قدرتی گیس کے ذرائع‏ بالکل تباہ ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب اقوام متحدہ نے مشرقی یوکرین میں واقع دونیسک کی خود ساختہ جمہوریہ میں قیدیوں کے النووکا مرکز پر ہونے والے حملے کی تحقیقات کے لئے اپنی آمادگی کا اعلان کیا ہے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے ڈپٹی ترجمان فرحان حق نے نامہ نگاروں سے گفتگو میں اعلان کیا ہے کہ اقوام متحدہ النووکا مرکز پر ہونے والے حملے کی تحقیقات کے لئے ماہرین کی ٹیم بھیجنے کے لئے آمادہ ہے تاکہ تحقیقات کی جا سکیں ۔ البتہ انھوں نے کہا کہ یہ اقدام دونوں فریقوں کی رضامندی کی صورت میں ہی عمل میں لایا جا سکتا ہے۔

یہ ایسی حالت میں ہے کہ روس کی وزارت دفاع نے النووکا پر حملے کا ذمہ دار یوکرین کے صدر زلنسکی اور امریکہ کو قرار دیا ہے ۔ روس کی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ اس قید خانے پر حملے کے وقت ایک سو ترانوے افراد وہاں موجود تھے۔

روس کی وزارت دفاع کے اعلان میں اس حملے میں پچاس افراد کی ہلاکت کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ پچہتر افراد زخمی بتائے گئے ہیں جنھیں اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ جمعہ انتیس جولائی کو یوکرینی فوج نے النووکا قید خانے پر امریکی سسٹم ہمارس سے حملہ کیا۔

دوسری جانب روس کی وزارت دفاع نے یوکرین کے تیرہ ڈرون طیاروں کو تباہ کئے جانے کا اعلان کیا ہے۔ روسی فوج نے اسی طرح یوکرین کےصوبے زایوریژیای میں یوکرینی جنگی سازوسامان تباہ کئے جانے کا دعوی کیا ہے جس میں امریکی ہوئیٹزر ایم سات سو ستتر ہتھیار بھی شامل ہیں ۔ اس سے قبل روس کی وزارت دفاع نے اعلان کیا تھا کہ روسی فوج نے یوکرین کے صوبے اوڈیسا میں امریکی میزائل سسٹم ہارپون کو تباہ کیا ہے۔

ٹیگس