Aug ۱۱, ۲۰۲۲ ۱۹:۱۴ Asia/Tehran
  • یوکرین نے روسی شہریوں پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ دہرایا

یوکرین کے وزیر خارجہ نے مغربی ممالک سے تمام روس کی پوری آبادی پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

یوکرین کے وزیر خارجہ دمیترو کولبان نے بدھ کی شام کو دعوی کیا کہ روس کے سارے شہری دونباس میں اپنی فوج کی کارروائی کی حمایت کرتے ہیں، لہذا یورپی یونین اور گروپ سیون کے تمام ارکان کو چاہئے کہ کسی بھی روسی شہری کو ان ممالک میں داخل ہونے نہ دیں۔

انہوں نے یورپی ممالک سے مطالبہ کیا کہ روسی عوام کو بین الاقوامی سرحدوں سے گزرنے نہیں دینا چاہئے تاکہ حدود کا احترام کرنا سیکھ سکیں۔

اس سے قبل یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلینسکی نے بھی مغربی حکومتوں سے مطالبہ کیا تھا کہ روس کے خصوصی آپریشن کے جواب میں، تمام روسی شہریوں کے ویزے ایک سال تک کے لئے منسوخ کر دیئے جائیں۔

دوسری جانب زاپوریژیا ایٹمی بجلی گھر جانے والی معائنہ کار ٹیم کے دورے کو اقوام متحدہ کی جانب سے منسوخ کئے جانے پر روس نے سخت تنقید کی ہے۔ روس نے اس اقدام کو انتہائی غیرذمہ دارانہ قرار دیا ہے۔ روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے کہا ہے کہ اس سلسلے میں اقوام متحدہ نے منفی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے اس اقدام کو انتہائی عجیب قرار دیتے ہوئے کہا کہ یو این او کے اس غیر تعمیری رویہ نے اور بھی سوالات کو جنم دے دیا ہے۔

ماریا زاخارووا ۔ ترجمان روسی وزارت خارجہ

زاخارووا کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ نے زاپوریژیا بجلی گھر کے معائنے کو منسوخ کرکے، کی ایف حکومت کو اس ایٹمی بجلی گھر پر حملے کی ہری جھنڈی دکھا دی جس کے بعد یوکرین نے بھاری گولہ باری شروع کر دی۔ رو‎س کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے واضح کیا کہ اس غیر ذمہ دارانہ اور ممنوعہ حرکت کے نتیجے میں بہت سے مسائل پیدا ہوگئے۔

ماریا زاخارووا نے کہا کہ اقوام متحدہ کو اس حقیقت سے واقف ہونا چاہئے کہ دنیا انتہائی حساس حالات سے گزر رہی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ یہ خطرناک اقدامات سائنسدانوں کے تجرباتی منصوبے کا حصہ نہیں ہیں، جن کا رخ بآسانی تبدیل کیا جا سکے۔ انہوں نے کی ایف کی سرگرمیوں کو سفاکانہ، غیرقانونی اور تباہ کن قرار دیا جس کا نتیجہ کسی ایک علاقے تک محدود نہیں رہے گا۔

یاد رہے کہ زاپوریژیا یوکرین کے انرودار شہر کے مضافات میں واقع یورپ کا سب سے بڑا ایٹمی بجلی گھر ہے کہ جس پر روس کی وزارت دفاع کے مطابق، یوکرین نے شدید گولہ باری کی ہے۔ باوجود اس کے کہ یوکرین میں خصوصی کارروائی کے دوران روس نے اس ایٹمی بجلی گھر کو اپنے کنٹرول میں لے لیا تھا، کی ایف حکام کا دعوی ہے کہ زاپوریژیا پر راکٹ حملہ روس کی افواج نے کیا ہے۔

ٹیگس