سابق امریکی صدر نے موجودہ امریکی صدر کو ملک کا دشمن قرار دے دیا
سابق امریکی صدر نے جوبائیڈن کی تقریر اور اپنے گھرمیں ایف بی آئی کے چھاپے کی مذمت کی ۔
امریکی ریاست پنسلوانیا میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے حامیوں سے خطاب میں امریکی صدر جوبائیڈن پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ بائیڈن ریاست کے دشمن ہیں، اس لئے ہم اپنی جمہوریت کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت کو خطرہ بنیاد پرست بائیں بازو سے ہے، دائیں سے نہیں۔
سابق امریکی صدر نے ریلی کے دوران حامیوں سے خطاب میں جوبائیڈن کی تقریر اور اپنے مکان میں ایف بی آئی کے چھاپے پر بھی نکتہ چینی کی۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ان کے مکان پر چھاپہ ریاستی طاقت کا غلط استعمال اور انصاف سے دھوکہ دہی کے مترادف ہے۔ انہوں نے بایڈن حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پرایسا ردعمل سامنے آئے گا جو کبھی کسی نے نہیں دیکھا ہوگا۔
واضح رہے کہ فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) نے 8 اگست کو سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی فلوریڈا کی رہائش گاہ پر تلاشی کے دوران11 ہزار سے زیادہ سرکاری دستاویزات اور تصاویر کے ساتھ ساتھ ان 48 خالی فولڈرز کو بھی برآمد کیا اور پھر ان کا عدالتی ریکارڈ کے مطابق جائزہ لیا گیا۔