سری لنکا نے پاکستان کو شکست دے دی
ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے آخری میچ میں سری لنکا نے 122 رنز کا آسان ہدف حاصل کرتے ہوئے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔
سحر نیوز/ کھیل: ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی تین وکٹیں 29 رنز پر گر گئی تھیں لیکن اس کے بعد اوپنر پتھم نسانکا اور بھانوکا راجا پاکسے کے درمیان 51 رنز کی شراکت قائم ہوئی جس کی مدد سے مخالف ٹیم ہدف کے قریب پہنچ گئی۔
بھانوکا راجا پاکسے 24 رنز اور کپتان داسن شاناکا 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ اوپنر پتھم نسانکا 55 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ سری لنکن ٹیم نے ہدف تین اوور قبل ہی حاصل کرلیا۔
پاکستان کی جانب سے فاسٹ بولر حارث رؤف اور محمد حسنین نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ لیگ اسپنر عثمان قادر ایک وکٹ ہی حاصل کر سکے۔ حسن علی تین اوورز میں 25 رنز دے کر کوئی وکٹ حاصل نہیں کرسکے۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ایشیا کپ کا فائنل اتور 11 ستمبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔
اس سے قبل، سری لنکا کے خلاف پاکستان کی پوری ٹیم 19.1 اوور میں 121 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی تھے، کپتان بابراعظم 30 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
پاکستانی ٹیم نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان اور بابراعظم کے درمیان 28 رنز کی شراکت قائم ہوئی لیکن محمد رضوان 14 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد بابراعظم کا ساتھ دینے فخر زمان آئے اور یہاں دوسری وکٹ کی شراکت میں 35 رنز بنے مگر فخر زمان بھی 13 رنز بنا کر پویلین آؤٹ ہوگئے۔
دو کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی۔ کپتان بابراعظم 30 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ خوشدل شاہ 4 رنز، افتخار احمد 13 رنز، آصف علی اور حسن علی صفر، عثمان قادر تین رنز، محمد نواز 26 رنز اور حارث رؤف ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کی جانب سے نائب کپتان شاداب خان اور فاسٹ بولر نسیم شاہ کی جگہ حسن علی اور عثمان قادر کو شامل کیا گیا جبکہ سری لنکا نے بھی ٹیم میں دو تبدیلیا کی گئیں۔