افغانستان میں لڑکیوں کی تعلیم کی ضرورت پر ایک بار پھر تاکید
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے افغانستان میں لڑکیوں کی تعلیم پر پابندی فوری طور پر ختم کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوترش نے جنرل اسمبلی کے ستترویں سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان کی طالبان انتظامیہ سے مطالبہ کیا جاتا ہے کہ وہ لڑکیوں کو تعلیم سے محروم رکھنے سے باز آجائے اور افغان لڑکیوں کو تعلیم حاصل کرنے سے نہ روکے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوترش نے اتوار کے روز بھی ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ تعلیم حاصل کرنے کا ضائع ہونے والا موقع دوبارہ پلٹ کر واپس نہیں آسکتا۔
واضح رہے کہ افغانستان میں طالبان انتظامیہ لڑکیوں کو چھٹی کلاس سے آگے پڑھنے کی اجازت نہیں دے رہی ہے۔
طالبان پر اس لحاظ سے تنقید کرنے والے مبصرین کا کہنا ہے کہ لڑکیوں کو تعلیم سے محروم کئے جانے کی کوئی وجہ نہیں پائی جاتی اور کچھ پتہ نہیں کہ افغانستان میں لڑکیوں کے اسکول و کالج کب کھولے جائیں گے۔