Sep ۲۵, ۲۰۲۲ ۰۹:۵۴ Asia/Tehran
  • شمالی کوریا بیلسٹک میزائل (فائل فوٹو)
    شمالی کوریا بیلسٹک میزائل (فائل فوٹو)

شمالی کوریا نے ایک بار پھر امریکی دھمکیوں کو نظر انداز کرتے ہوئے ایک اور بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے۔

فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق  جنوبی کوریا نے بتایا ہے کہ شمالی کوریا نے یہ بیلسٹک میزائل جاپان کے سمندر کی جانب فائر کیا۔

جنوبی کوریا نے ابھی تک اس بیلسٹک میزائل کی رفتار اور رینج کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی۔

رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا کی فوج کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کے میزائل کا تجربہ جزیرہ نما کوریا اور بین الاقوامی امن و استحکام کے لیے شدید خطرہ ہے۔

جنوبی کوریا کی فوج نے مطالبہ کیا کہ شمالی کوریا فوری طور پر اس قسم کے میزائل تجربات کرنا بند کر دے۔  

شمالی کوریا نے یہ میزائلی تجربہ امریکہ اور جنوبی کوریا کی مشترکہ فوجی مشقوں کے انعقاد سے دو روز قبل علاقے میں امریکہ کے بحری بیڑے کی موجودگی کے بعد کیا ہے۔

واضح رہے کہ شمالی کوریا نے رواں سال کے آغاز سے اب تک درجنوں میزائل تجربے کئے ہیں جس سے امریکہ اور اس کے اتحادیوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

ٹیگس