Oct ۰۳, ۲۰۲۲ ۰۸:۱۲ Asia/Tehran
  • جوہری ہتھیاروں کا استعمال روس کے لیے خطرناک نتائج کا حامل ہوگا: نیٹو

نیٹو نے کہا ہے کہ جوہری ہتھیاروں کا استعمال روس کے لیے خطرناک نتائج کا حامل ہوگا۔

سحر نیوز/ دنیا: نیٹو کے سیکریٹری جنرل جینز اسٹولٹن برگ کا کہنا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پوتین کا جوہری ہتھیاروں کا بیانیہ خطرناک اور غیر ذمہ دارانہ ہے، جوہری ہتھیاروں کا استعمال روس کے لیے خطرناک نتائج کا حامل ہوگا۔

سیکریٹری جنرل نیٹو  نے کہا کہ یوکرینی علاقوں کو روس میں ضم کرنے کا بہترین جواب یوکرین کی مدد جاری رکھنا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نیٹو کے انفرا اسٹرکچر کے خلاف جان بوجھ کر  کسی بھی حملے کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

در ایں اثناء امریکی وزیر جنگ  لوئیڈ آسٹن نے کہا ہے کہ انہیں ایسی کوئی علامت دکھائی نہیں دیں  جس سے یہ ثابت ہوتا ہو کہ روسی صدر ولادیمیر پوتین جنگ یوکرین میں ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال کا فیصلہ کرچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے تاحال ایسی کوئی انٹیلی جنس علامت دکھائی نہیں دیں کہ روسی صدر نے یوکرین میں ایٹمی ہتھیار استمعال کرنے کا فیصلہ کرلیا  ہے تاہم ان کے  بقول میں نے اپنے روسی ہم منصب سرگئی شویگوف کو ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال کے بارے میں متنبہ کیا ہے۔

امریکی وزیر جنگ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے گزشتہ بدھ کو اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ امریکہ روس کو ایٹمی ہتھیار استعمال کرنے پر مجبور کرنے کی غرض سے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہا ہے۔

اس سے پہلے روس کے سابق صدر دیمتری میدویدیف نے واضح کیا تھا کہ ان کا ملک ایٹمی حکمت عملی کے تحت، اپنے دفاع میں ایٹمی ہتھیار چلانے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔روس کی دفاعی اسٹریٹیجی کے تحت ملک کی مسلح افواج کواس بات کا حق حاصل ہے کہ وہ عام تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کی زد میں آنے کا خطرہ محسوس ہونے، یا ملک کا وجود خطرے میں پڑجانے کی صورت میں ایٹمی ہتھیاروں کا سہارا لے ۔

روس یوکرین جنگ کے آغاز سے اب تک، یورپ اور امریکہ ایک جانب یوکرین کو اسلحہ کی فراہمی اور روس پر دباؤ بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں اور دوسری جانب اپنے دعوے کے مطابق روس کو ایٹمی اور کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کے نتائج کے بارے میں مسلسل خبردار کر رہے ہیں۔

امریکہ اور یورپی ممالک نے نہ صرف یہ کہ جنگ یوکرین ختم کرانے کی کوشش نہیں کی بلکہ یوکرین کو اسلحہ کی فراہمی اور روس کے خلاف پابندیوں میں اضافہ کرکے، جنگ کو مزید طویل کرنے کی کوشش کر رہے ۔

ٹیگس