Oct ۰۸, ۲۰۲۲ ۱۴:۳۱ Asia/Tehran
  • روس میں انسانی حقوق کونسل کا خصوصی رپورٹر تعینات، روس کی مخالفت

اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے روس پر عائد مبینہ الزامات کا جائزہ لینے کے لئے ایک غیروابستہ رپورٹر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل نے روس پر الزام عائد کیا ہے کہ روسی حکومت دباؤ اور تشدد کے ذریعے اپنے ملک میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا کررہی ہے۔

انسانی حقوق کونسل کے رکن پچاس ممالک میں سے چھے نے اس قرار داد کی مخالفت کی جبکہ چوبیس نے رائے دہی میں حصہ نہیں لیا، تاہم سترہ ممالک نے اس مسودے کے حق میں ووٹ دیکر روس میں انسانی حقوق کے ایک غیرجانبدار رپورٹر کو تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے ۔

ہنگری کے علاوہ یورپی یونین کے تمام ارکان، برطانیہ، امریکہ، یوکرین، جاپان اور کولمبیا نے اس قرار داد کی حمایت کی جبکہ چین سمیت چھے ملکوں نے اس کی مخالفت کی ۔

درایں اثنا اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر جنیوا میں روس کے مندوب گنادی گاتیلوف نے اس قرارداد کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسانی حقوق کونسل کے مغربی ارکان، اس ادارے کو اپنے سیاسی مفادات کے لئے استعمال کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ روس میں انسانی حقوق کا خصوصی رپورٹر بے بنیاد الزامات کے تحت تعینات کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ روس مخالف قرارداد کے مسودے کو امریکہ اور اس کے ہم خیال دیگر مغربی ممالک نے بے بنیاد الزامات اور دعووں کی بنیاد پر تیار کیا ہے۔

اقوام متحدہ کے یورپی ہیڈکوارٹر میں روسی مندوب گاتیلوف نے کہا کہ یہ قرارداد اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ مغربی ممالک انسانی حقوق کی کونسل کو اپنے سیاسی مفادات کے لئے استعمال کرتے ہیں ۔ انہوں نے زور دیکر کہا کہ مغربی ممالک اور امریکہ کا اصل مقصد روس پر دباؤ ڈالنا ہے اور اس کے علاوہ اور کچھ نہیں ہے ۔

مغربی ممالک ایک جانب یوکرین کو مسلسل ہتھیار فراہم کر کے جنگ کی آگ کو شعلہ ور کررہے ہیں تو دوسری جانب عالمی اداروں میں روس اور مغرب مخالف طاقتوں کے خلاف محاذ تیار کر رہے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ سینتالیس ارکان پر مشتمل قوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل کی تشکیل کو سولہ سال ہوچکے ہیں لیکن اس دوران زیادہ تر فیصلے انسانی حقوق کی بنیاد پر نہیں بلکہ بڑی طاقتوں بالخصوص یورپ اور امریکہ کے مفادات کے مطابق کئے گئے ہیں ۔ تاہم روس اور چین کی قیادت میں انسانی حقوق کی کونسل میں ایک اور بلاک تیار ہو رہا ہے جو ان سیاسی مداخلتوں کا مخالف ہے اور اسے مسترد کرتا ہے۔

ٹیگس