روس کا امریکہ سے کیمیائی ہتھیار تلف کرنے کا مطالبہ
روس نے امریکہ سے تمام کیمیائی ہتھیار تلف کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایک سینیئر روسی سفارت کار کونسٹنٹائن ورونتسوف نے امریکہ سے کیمیائی ہتھیار تلف کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ روس کیمیائی ہتھیاروں پر پابندی کے معاہدے کا پوری طرح پابند ہے۔
سینیئر روسی سفارت کار نے کہا کہ روس عالمی ادارے کی مقررہ مہلت سے تین سال قبل ہی دوہزار سترہ میں کیمیائی ہتھیاروں کا سب بڑا ذخیرہ تلف کرچکا ہے اور اب امریکہ کی باری ہے کہ وہ بھی ہماری طرح اپنے کیمیائی ہتھیار تلف کردے۔
تقریبا دو ماہ قبل واشنگٹن میں قائم روسی سفارت خانے کی جانب سے جاری کیے والے ایک بیان میں روس کے کیمیائی ہتھیاروں کے بارے میں امریکی دعوے کو مسترد کیا گیا تھا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ ہی ایک ایسا ملک ہے جس نے اب تک کیمیائی ہتھیار تلف نہیں کیے اور اس حوالے سے اپنی عالمی ذمہ داریوں پر عملدرآمد سے مسلسل گریز کر رہا ہے۔