یوکرین کے فوجیوں کو ٹریننگ دے رہا ہے ایسٹونیا
ایسٹونیا نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ ہم یوکرین کے فوجیوں کو ٹریننگ دے رہے ہیں۔
سحر نیوز/ دنیا: ایسٹونیا کے وزیر دفاع نے جمعرات کو کہا کہ ان کا ملک یوکرین کی افواج کو روس کے خلاف مزید جنگ کے لیے تیار رہنے کی ٹریننگ دے رہا ہے۔
فارس خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایسٹونیا کے وزیر دفاع ہنو پوکور نے دعویٰ کیا کہ یوکرین میں ان کے ملک کے خلاف روس کے خطرات بڑھ رہے ہیں۔
انہوں نے الجزیرہ چینل سے گفتگو میں کہا کہ ہم یوکرین کے فوجیوں کو جنگ کے لئے تیار رہنے کی ٹریننگ دے رہے ہیں۔
گزشتہ مہینے ایسٹونین پارلیمنٹ نے ایک قرارداد کے ذریعہ ووٹنگ کے دوران روس کو دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والی ریاست قرار دیا تھا۔
ایسٹونین پارلیمنٹ کے ارکان کی تعداد 101 ہے اور ووٹنگ میں 88 ارکان نے روس کو دہشت گرد قرار دینے کی حمایت کا اعلان کیا۔ اس ووٹنگ کے دوران کسی بھی رکن نے اس قرارداد کے خلاف ووٹ نہیں دیا۔
ایسٹونین پارلیمنٹ نے دیگر ممالک کی پارلیمانوں سے بھی کہا کہ وہ ایسا ہی کریں اور روس کو دہشت گردی کے سرپرست کے طور پر دنیا کے سامنے پیش کریں۔
دریں اثنا، ایسٹونین پارلیمنٹ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں روس کی مستقل رکنیت کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور یورپی یونین کے ممالک سے کہا ہے کہ وہ روس اور بیلاروس کے خلاف مزید پابندیاں عائد کریں۔
ایسٹونیا، روس کے ساتھ حالیہ جنگ میں یوکرین کے سخت حامیوں میں سے ایک ہے۔