Nov ۱۷, ۲۰۲۲ ۱۲:۳۰ Asia/Tehran
  •   پولینڈ میں گرنے والے میزائل یوکرین کے تھے، نیٹو

نیٹو کے سیکریٹری جنرل نے ایک بار پھر کہا ہے کہ پولینڈ میں گرنے والے میزائل ممکنہ طورپر یوکرین سے داغے گئے ہیں ۔

نیٹو کے سیکریٹری جنرل  ینس اسٹولٹنبرگ نے یوکرین کی سرحد کے قریب پولینڈ میں میزائل گرنے کے واقعے کے بارے میں  نیٹو کے ہیڈکوارٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ یہ یوکرین کے فضائی دفاعی میزائل ہوسکتے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں ایسا کوئی اشارہ نہیں ملا ہے جس کی بنیاد پر یہ کہا جاسکے کہ یہ میزائل روس نے داغے تھے۔انھوں نے کہا کہ یوکرین نیٹو کا رکن نہیں ہے جبکہ پولینڈ نیٹو کا رکن ہے لیکن نیٹو نے یوکرین کو مزید جدید فضائی دفاعی نظام دینے کا وعدہ کیا ہے جس پر عمل کیا جائے گا.۔ 

نیٹو کے سیکریٹری جنرل نے اسی کے ساتھ صحافیوں کو بتایا کہ انھوں نے آج یوکرین کی حمایت کے لئے ہونے والی  سپورٹ گروپ کی میٹنگ میں شرکت کی ۔ انھوں نے بتایا کہ اس میٹنگ میں نیٹو کے اتحادیوں اور حلیفوں نے روسی میزائلوں کو مار گرانے میں مدد کے لئے، مزید جدید فضائی دفاعی سسٹم دینے کے وعدے کئے ہیں ۔

نیٹو کے سیکریٹری جنرل نے اس سے پہلے بھی یہ شک ظاہر کیا تھا کہ یہ میزائل یوکرین کے ہوسکتے ہیں ۔ امریکا نے بھی کہا ہے کہ یوکرین کی سرحد کے قریب پولینڈ کے اندر گرنے والے میزائل روسی نہیں ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ اگر چہ قرائن و شواہد بتاتے ہیں کہ یہ میزائل روس نے نہیں داغے تھے لیکن مستقبل میں ایسے کسی بھی واقعے کو روکنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ بقول ان کے یوکرین کے خلاف روس کی جنگ بند ہوجائے۔ 

دوسری طرف یوکرین کے صدر نے ایک بار پھر زور دے کر کہا کہ یہ میزائل روس نے داغے تھے ۔ انھوں نے ٹیلی ویژن سے نشر ہونے والے ایک بیان میں کہا ہے کہ یوکرینی فوجی تحقیقات کی بنیاد پر انہیں  اس بارے میں کوئی شک نہیں ہے کہ یہ میزائل یوکرین کے نہیں ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ انہیں پورا یقین ہے کہ یہ میزائل روس کے تھے۔

ٹیگس