روسی خلا باز روبوٹک آرم نصب کرنے میں کامیاب
بین الاقوامی خلائی اسٹیشن میں تعینات دو روسی خلابازوں نے اسپیس اسٹیشن کے بیرونی حصے پر چند گھنٹوں کی کارروائی کے بعد ایک روبوٹک آرم نصب کرنے میں کامیابی حاصل کی۔
رپورٹ کے مطابق، روسی خلا بازوں نے ایکسٹرا ویہی کیولر ایکٹیویٹی، ای وی اے میں یعنی اسپیس اسٹیشن کے باہر خلا میں چل کر یہ روبوٹک آرم نصب کیا ہے۔ اس نوعیت کی سرگرمیوں میں خلا بازوں کو مخصوص لباس پہننا پڑتا ہے تا کہ خلائی شعاؤں سے بھی محفوظ رہیں اور انہیں ضروری آکسیجن اور پریشر بھی فراہم ہوتا رہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ اس روبوٹک آرم کو نصب کرنے میں سات گھنٹے لگے۔ بین الاقوامی اسپیس اسٹیشن کے منتظمین نے بتایا ہے کہ یہ رواں سال کے دوران ساتواں ای وی اے رہا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن میں سرگرمی ان گنے چنے شعبوں میں شامل ہے جس میں امریکہ اور روس یوکرین کی جنگ کے بعد اب بھی تعاون کر رہے ہیں ۔