فیفا ورلڈ کپ قطر ۲۰۲۲ کی افتتاحی تقریب آج
فیفا ورلڈکپ دو ہزار بائیس کی افتتاحی تقریب آج قطر کے الخور شہر میں واقع البیت اسٹیڈیم میں منعقد ہو رہی ہے اور امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی ورلڈ کپ کے افتتاحیہ کے ساتھ ساتھ اس اسٹیڈیم کا بھی افتتاح کریں گے۔
سحر نیوز/اسپورٹس: اطلاعات کے مطابق البیت اسٹیڈیم قطر کے دارالحکومت دوحہ سے ستاون کلومیٹر کے فاصلے پر الخور شہر میں واقع ہے اور یہ فیفا ورلڈ کپ بیس بائس کے لئے اس ملک میں تیار ہونے والے آٹھ اسٹیڈیموں موں میں سے ایک ہے اور اس میں ساٹھ ہزار لوگوں کی گنجائش موجود ہے۔
ورلڈکپ میں حصہ لینے والی بتیس فٹبال ٹیمیں قطر پہنچ گئی ہیں ۔ فیفا ورلڈ کپ کا افتتاحی میچ اکیس آج رات قطر اور ایکواڈور کی قومی ٹیموں کے مابین کھیلا جائے گا۔
پہلی اپریل سن دو ہزار بائیس کو ہونے والی قرعہ اندازی کے مطابق اے گروپ میں قطر، ایکواڈور، سینیگال اور ہالینڈ کی ٹیمیں کھیلیں گی۔ گروپ بی میں ایران، انگلینڈ، امریکہ اور ویلز شامل ہیں۔ سی گروپ میں آرجنٹینا، سعودی عرب، میکسیکو اور پولینڈ کو قرار دیا گیا ہے۔ ڈی گروپ میں فرانس، آسٹریلیا، ڈینمارک اور تونس کا نام دیکھا جا رہا ہے۔ گروپ ای میں اسپین، کاسٹا ریکا، جرمنی اور جاپان شامل ہیں۔ گروپ ایف میں بیلجیم، کینیڈا، مراکش، اور کروئیشیا ہیں۔ گروپ جی میں برازیل، صربیا، سوئٹزرلینڈ اور کیمرون، اور گروپ ایچ میں پرتگال، گھانا، یوروگوئے اور جنوبی کوریا کا نام دیکھا جا سکتا ہے۔
ایران کی فٹبال ٹیم کا پہلا میچ اکیس نومبر یعنی پیر کے روز انگلینڈ کے ساتھ ہوگا۔
قطر فیفا ورلڈ کپ کا فائنل میچ اٹھارہ دسمبر کو مقامی وقت کے مطابق شام چار بجے کھیلا جائے گا۔