ایران کی سائبر طاقت کا جادو دشمنوں کے سر چڑھ کر بول رہا ہے
ایک بار پھر صیہونی اور امریکی ڈرون کی در اندازی اور ان کو کنٹرول کرنے کی ایران کی صلاحیت کا لوہا مان لیا گیا ہے۔
سحر نیوز/ دنیا: کلیئر اسکائی سائبر سیکیورٹی کمپنی کے سی ای او نے کہا کہ ایرانی ہیکرز صیہونی اور امریکی ڈرون کو گھسنے اور ان کو کنٹرول کرنے کی صلاحیت کے پہلے سے کہیں زیادہ قریب آچکے ہیں۔
صیہونی عبوری حکومت کی سائبر سیکیورٹی کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر نے پیر کے روز کہا کہ ایرانی ہیکر صیہونی اور امریکی ڈرون کی در اندازی اور ان کو کنٹرول کرنے کی صلاحیت پر پہلے سے زیادہ قریب پہنچ چکے ہیں۔
"یروشلم پوسٹ" اخبار کے مطابق، سائبر سیکورٹی کمپنی "کلیئر اسکائی" کے سی ای او "ڈولف" نے صیہونی تھنک ٹینک کے اجلاس میں ایران کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ایران تمام شعبوں میں اپنی سائبر صلاحیتوں کو بڑھا رہا ہے، ہیک کرنے کی کوششوں سمیت ڈرونز اور "ڈے زیرو" تک ہر شعبے میں اپنی توانائی کا لوہا منوا چکا ہے۔ "ڈے زیرو" صلاحیت سے مراد امریکہ، روس اور چین کے ہیکرز ہیں جو سائبر صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے پورے شعبوں، خاص طور پر بنیادی ڈھانچے کو ناکارہ بنا دیتے ہیں۔
"کلیئر اسکائی" کمپنی کے سی ای او نے کہا کہ پہلی بار ایران نے اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے علاوہ حزب اللہ کے ساتھ سائبر حملے کے آلات کا اشتراک کرنے کے لیے پہلے سے زیادہ کام کیا ہے۔
انہوں نے حال ہی میں البانیہ کے انفراسٹرکچر پر ایران کے حملے کا دعویٰ کیا۔ اس حوالے سے ڈولف نے کہا کہ ایرانیوں کا سائبر حملہ کامیاب رہا، کیونکہ جس لمحے البانیہ میں منافقین کے گروہ کا اجلاس ہونا تھا، اسی وقت ملک کے انٹرنیٹ نیٹ ورکس کو تباہ کر دیا گیا تھا۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ ایران نے صیہونی حکومت کے نیٹ ورکس اور دفاعی شعبوں کو بھی ہیک کیا ہے لیکن اس معاملے کو عوامی سطح پر ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔
ڈولف نے کہا کہ ایران نے اپنی صلاحیتوں کے تحفظ کے لیے ان توانائیوں کو برملا نہیں کیا اور صیہونی حکام نے شرمندگی سے بچنے یا اپنے نظام کو پہنچنے والے نقصان کی سطح کو ظاہر کرنے کے لیے ان ہیکس کو چھپا رکھا ہے۔