Dec ۲۶, ۲۰۲۲ ۰۹:۱۸ Asia/Tehran
  • امریکہ میں موسم سرما کا بدترین طوفان جاری، 38 ہلاک کروڑوں متاثر

امریکہ اور کینیڈا میں برفانی طوفان ’ بم سائیکلون‘ سے 38 افراد ہلاک ہوگئے۔

سحر نیوز/ دنیا: غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکہ میں موسم سرما کا بدترین طوفان جاری ہے، بم سائیکلون نے کرسمس پر نظامِ زندگی جما دیا، خون جماتی ہواؤں اور برف باری سے مختلف حادثات میں اب تک 38 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

برفانی طوفان ’بم‘ نے امریکہ اور کینیڈا میں معمول کی زندگی مفلوج کردی ۔ سڑکوں پربرف جمنے کے باعث ٹریفک معطل ہوگئی جبکہ پروازیں منسوخ ہونے سے ہزاروں مسافروں کوپریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق نیویارک کے شہر بفیلو میں حد نگاہ صفر ہوگئی ہے۔ مسلسل برفباری سے متعدد گھر برف تلے دب گئے ہیں۔

کینیڈا کے صوبے اونٹاریو اورکیوبک برفانی طوفان سے شدید متاثرہیں ۔ کیوبک سے لے کر امریکی ریاست ٹیکساس تک 17 لاکھ صارفین کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔ برفانی طوفان سے 25 کروڑ افراد متاثر ہوئے ہیں۔

امریکہ بھر میں دو لاکھ سے زائد صارفین اب تک بجلی سے محروم ہیں جبکہ 10ہزار سے زیادہ پروازیں منسوخ اور ہزاروں تاخیر کا شکار ہیں۔

دوسری جانب اٹلانٹا، شکاگو اور نیویارک سمیت کئی شہروں میں ہزاروں مسافر ہوائی اڈوں پر پھنس گئے۔

امریکی ریاست مونٹانا میں درجہ حرارت منفی 45 ڈگری تک گر گیا، ریاست مشی گن کے ساحل پر برف ہی برف، پارک میں لگے جھولے برف کے مجسموں میں ڈھل گئے۔

نیویارک کے شہر بفیلو میں 4 فٹ تک برف پڑی، پیر کی صبح تک مزید دو فٹ برف پڑنے کا امکان ہے، موسم کی شدت منگل تک معمول پر آنے کی توقع ہے۔

ٹیگس