Jan ۰۱, ۲۰۲۳ ۰۹:۱۷ Asia/Tehran
  • دنیا بھرمیں نئے سال کا جشن، پاکستان میں 22 زخمی، ہندوستان میں زلزلہ

اس باردنیا بھرمیں نئے سال کی آمد پر جہاں جشن کا سا سماں ہے وہیں ہندوستان، پاکستان، چین اور ملائیشیا میں ہونے والے واقعات کی وجہ سے جشن کی تقریبات ماند پڑ گئیں۔

 سحر نیوز/دنیا: نئی اُمنگوں، خوشیوں اور اُمیدوں کے ساتھ نئے برس دوہزار تیئیس نے دنیا میں قدم رکھ دیا ہے اور مصائب و آلام اور معیشت و صحت سے جڑے بے شمار مسائل سے تھکے ہارے دنیا والوں نے بہتری کی امید کے ساتھ نئے سال کو خوش آمدید کہا اور زوردار جشن منایا۔

دنیا میں سب سے پہلے 2023 کا آغاز وسطی بحرالکاہل کے جزائر ٹونگا اور کیریباتی سے ہوا، پھر کچھ منٹ بعد ہی نیوزی لینڈ کے جزیرے چاٹھن میں نئے سال نے قدم رکھا اور پھر اسکے بعد دھیرے دھیر نئے سال کا دائرہ ساری دنیا میں پھیل گیا۔ دنیا کے تمام ممالک میں نئے سال کے استقبال کے لئے خصوصی جشن اور تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق دنیا کے اکثر ممالک میں میں 31 دسمبر کی رات 12 بجتے ہی سال نو کی آمد کے حوالے سے خوب آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا اور گھڑی پر بارہ بجتے ہی عوام نے خوشی کے گیت گا کر نئے سال کو خوش آمدید کہا۔

اس کے ساتھ ہی آتشبازی کا آغاز ہوا اور آسمان رنگ و نور سے جگمگا اٹھا۔ جبکہ پاکستانی اور ہندوستانی وقت کے مطابق رات بارہ بجتے ہی نئے سال کا آغاز ہو گیا ۔

سال 2022 کے اختتام سے چند منٹ پہلے ہی  کراچی میں ہوائی فائرنگ کا سلسلہ شروع ہو گیا اور سال 2023 کا آغاز زبردست ہوائی فائرنگ اور پٹاخوں کے ساتھ ساتھ ہلہ گلہ کے ساتھ ہوا۔

سال نو کے موقع پر کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات پیش آئے جس میں ایک کمسن بچے سمیت 22 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو سول، جناح اور عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔

ادھر نئے سال کے استقبال میں خوشیاں منا رہے دہلی اور آس پاس کے لوگوں کی خوشیاں اس وقت خوف میں بدل گئیں جب رات کو زلزلے کے باعث زمیں لرز اُٹھی ۔ نئے سال کے پہلے ہی دن اتوار دیر رات دہلی اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلے سے کسی جان و مالی نقصان نہیں ہوا۔ زلزلے کی شدت 3.8 درج کی گئی ہے۔

ہریانہ میں رات 1:19 بجے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

اُدھر ملائیشیا کی حکومت نے کوالالمپور میں دتاران مرڈیکا میں اپنے نئے سال کی مناسبت سے تقریب کو منسوخ کر دیا جب ملک بھر میں سیلاب نے ہزاروں افراد کو بے گھر اور مٹی کے تودے گرنے سے 31 افراد ہلاک ہو گئے۔

چین نے بھی کورونا پھیلنے کے سبب سال نو کی آمد سے متعلق تقریب کو منسوخ کردیا اور شہریوں کو ایک جگہ جمع نہ ہونے کی ہدایت کی ہے جس کے باعث عوام کو خاصا اداس دیکھا گیا۔

 

ٹیگس