اقوامِ متحدہ کےسیکریٹری جنرل نے نئے سال کا پیغام اردو میں بھی جاری کردیا
اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوتریش نے نئے عیسوی سال کا پیغام 11 زبانوں میں جاری کیا ہے جن میں اردو بھی شامل ہے۔
سحرنیوز/دنیا: اقوامِ متحدہ کی ویب سائٹ پر سیکریٹری جنرل انٹونیو گوتریش کا نئے عیسوی سال کا ویڈیو پیغام انگریزی میں جاری ہوا ہے اور اسی ویب سائٹ پر 10 دیگر زبانوں میں ترجمہ بھی دستیاب ہے۔ ان زبانوں میں عربی، چینی، فرانسیسی، روسی اور ہسپانوی زبانوں کے علاوہ اردو اور ہندی زبانیں بھی شامل ہیں۔
اینٹونیو گوتریش کا نئے سال کا ویڈیو پیغام اردو سمیت 11 زبانوں کے ذیلی عنوانات (سب ٹائٹلز) کے ساتھ جاری کیا گیا ہے۔
اقوامِ متحدہ کے سربراہ نے نئے سال کے پیغام میں عالمی رہنماؤں سے اپیل کی ہے کہ وہ تباہی کے بجائے ترقی میں سرمایہ کاری کریں۔ نئے سال کے لیے ایک فوری اپیل میں، سیکریٹری جنرل نے عالمی رہنماؤں سے کہا کہ وہ اپنی ترجیحات درست کریں اور تباہی کے بجائے ترقی میں سرمایہ کاری کریں۔
اینٹونیو گوتریش نے پیغام میں کہا کہ "جیسے ہی ہم نئے سال میں داخل ہو رہے ہیں، دنیا ایک دوراہے پر کھڑی ہے۔ ہر طرف انتشار اور غیر یقینی کی صورت حال ہے۔ دنیا بھر کے لوگ سوال کر رہے ہیں: کیا رہنما واقعی سُن بھی رہے ہیں؟ کیا وہ عمل کے لیے تیار ہیں؟"
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel
انہوں نے کہا کہ آج دنیا میں انسانی تکالیف کی سطح انتہائی تشویشناک ہے، دنیا کی ایک چوتھائی سے زیادہ آبادی ایسے علاقوں میں رہتی ہے جو تنازعات سے متاثر ہے۔ عالمی سطح پر 20 کروڑ سے زیادہ افراد کو انسانی امداد کی ضرورت ہے، جبکہ تقریباً 12 کروڑ افراد جنگ، بحرانوں، آفات یا ظلم و ستم کے باعث اپنے گھروں سے بے دخل ہو چکے ہیں۔
اقوامِ متحدہ کے سربراہ نے کہا کہ اس نئے سال پر آئیے عہد کریں کہ ہم اپنی ترجیحات کو درست کریں گے۔ ایک محفوظ دنیا کی شروعات غربت کے خلاف زیادہ سرمایہ کاری اور جنگوں کے خلاف کم سرمایہ کاری سے ہوتی ہے۔ امن کو غالب آنا چاہیے۔"