روس نے یوکرین کے ساتھ مذاکرات کیلئے گرین سگنل دے دیا
روس نے یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے انچارج جوزف بورل کے بیانات کو مسترد کر دیا ہے جس کہا گیا تھا کہ روس یوکرین کے ساتھ امن مذاکرات میں دلچسپی نہیں لے رہا۔
سحر نیوز/ دنیا: ماسکو میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے یورپی یونین کےشعبہ خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزف بورل کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا ملک بحران یوکرین کو بات چیت کے ذریعے حل کیے جانے کا خواہاں ہے۔
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے یورپی یونین کی خارجہ پالیسی چیف کے بیانات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ یوکرین ہی تھا جس نے غیر ملکی دباؤ کے تحت مذکرات سے کنارہ کشی اختیار کی تھی۔
دوسری جانب روسی پارلیمنٹ کی اسپیکر ویلنٹنیا مات وینکو نے اپنے تازہ بیان میں کہا ہے کہ ان کا ملک یوکرین کے معاملے پر بات چیت کے لیے تیار ہے مگر کیف کو بھی اس طرح کے مذاکرات کے لیے اپنی حقیقی خواہش ظاہر کرنا ہوگی۔