ایک غبارہ گرانے پر امریکی صدر کی اپنی فوج کو مبارکباد (ویڈیو)
امریکی لڑاکا طیارے نے چین کے متنازعہ اور مبینہ جاسوس غبارے کو مار گرایا جس پر صدر جوبایڈن نے ملکی افواج کو مبارکباد پیش کی ہے۔
سحر نیوز/دنیا: غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی وزارت جنگ پینٹاگون نے غبارے کو جنوبی کیرولینا کے ساحل پر نشانہ بنانے کی تصدیق کی ہے۔ اس غبارے کے بارے میں امریکہ کا دعویٰ تھا کہ یہ چین کی طرف سے جاسوسی کے مقصد سے اڑایا گیا ہے جبکہ خود چین نے امریکہ کے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ بلون عسکری مقاصد کے لئے فضا میں نہیں چھوڑا گیا بلکہ یہ موسم کی صورتحال جانچنے والا غبارہ تھا جو اپنے راستے سے بھٹک گیا تاہم امریکی وزارت جنگ نے اُسے جاسوس غبارہ اور چین کی ناقابل قبول خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
امریکی صدر جوبایڈن نے چینی غبارہ مار گرانے پر ملکی فوج کو مبارکباد بھی دی ہے۔
امریکی وزیر جنگ کے بقول چینی بلون کو دانستہ اور قانون کے مطابق نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے چینی غبارے کو سرنگوں کرنے کے بعد یہ بھی کہا کہ اس کارروائی سے ظاہر ہوتا ہے کہ صدر بائیڈن اور ان کی قومی سلامتی کی ٹیم ہمیشہ امریکی عوام کی حفاظت اور سلامتی کو اہمیت دیتی ہے۔ امریکی وزیر جنگ نے مزید کہا کہ چین کی جانب سے امریکی خودمختاری کی ناقابل قبول خلاف ورزی کا مؤثر جواب دیا جائے گا۔
چینی غبارہ چند دنوں سے امریکا کے اوپر پرواز کررہا تھا تاہم امریکی میڈیا کے مطابق ابتداء میں حفاظتی اقدامات کے پیش نظر اسے نشانہ نہیں بنایا گیا تھا۔
واضح رہے کہ جمعہ کے روز چین نے غبارے کی ملکیت کا اعتراف کرتے ہوئے اُسے ایک غیر عسکری غبارہ قرار دیا تھا۔ چین نے امریکی فضائی حدود میں غبارے کے غیر ارادی داخلے اور صورتحال پر اظہار افسوس بھی کیا ہے۔ اس بلون کی وجہ سے گزشتہ دنوں واشنگٹن اور بیجنگ کے مابین کشیدگی بڑھ گئی تھی جس کے تحت امریکی وزیر خارجہ بلینکن نے اپنا دورہ چین ملتوی کر دیا تھا۔