90 لاکھ شامی شہری زلزلے کی زد میں
اقوام متحدہ کے اعلان کے مطابق تقریبا نوے لاکھ شامی شہری 9 دن قبل آنے والے زلزلے سے متاثر ہوئے ہیں ۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ ترکیہ اور شام میں زلزلے کی زد میں آکر اکتالیس ہزار سے زائد افراد کی جان جا چکی ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: اقوام متحدہ نے تمام ممالک سے شام کے زلزلہ زدگان تک فوری امداد کی رسائی کی اپیل کی ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریش نے منگل کے روز اعلان کیا ہے کہ شام میں فوری امدادی کارروائی کے لئے انتالیس کروڑ ستّر لاکھ ڈالر پر مشتمل رقم کی ضرورت ہے۔
انتونیو گوتریش نے اس ہنگامی بجٹ کو شامی زلزلہ زدگان تک فوری امداد پہنچانے کے لئے انتہائی ضروری قرار دیا۔
دوسری جانب ترکیہ کے جنوبی اور شام کے شمال مغربی علاقوں سے ملنے والی تازہ مصدقہ اطلاعات کے مطابق، زلزلے میں مرنے والوں کی تعداد اکتالیس ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔
ترک حکومت نے مرنے والوں کی تعداد پینتیس ہزار چار سو اٹھارہ بتائی ہے۔
شام میں بھی زلزلے سے متاثر علاقوں میں چار ہزار سے زائداموات ہوئی ہیں۔
بتایا جا رہا ہے کہ ترکیہ اور شام کے زلزلہ زدہ علاقوں میں اب بھی ہزاروں لوگ ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جن کے زندہ رہنے کی امید دم توڑ رہی ہے۔
سردی کی شدید لہر اور برفیلے موسم نے امدادی کارروائیوں کو بری طرح متاثر کردیا ہے۔
ترکیہ کے امدادی اداروں سمیت دنیا بھر کی ریسکیو اینڈ آپریشن ٹیمیں آفت زدہ شہریوں کو محفوظ مقامات اور ان کے علاج اور ان تک امدادی سامان پہنچانے میں مصروف ہیں۔
یاد رہے کہ شام میں امدادی کارروائی اس ملک پر عائد امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی ظالمانہ پابندیوں کے نتیجے میں بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ اب تک ایران اور روس سمیت چند ہی ممالک نے شام کے زلزلہ زدگان تک امداد پہنچانے کی جرات کا مظاہرہ کیا ہے۔