Feb ۲۲, ۲۰۲۳ ۱۷:۵۱ Asia/Tehran
  • کثیر قطبی نظام کے معاملے کو آگے بڑھائیں گے: روس اور چین کا اتفاق

چین کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ بیجنگ اور ماسکو نے دھونس دھمکیوں اور یک قطبی نظام کے مقابلے کے لئے، متحدہ پالیسی اپنانے پر اتفاق کرلیا ہے۔

سحر نیوز/ دنیا: چین کی کمیونسٹ پارٹی کے خارجہ امور کے سربراہ وانگ یی نے آج صبح روس کی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نیکولائی پاتروشیف سے ملاقات کی ہے۔
چین کی وزارت خارجہ کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس دوران دونوں عہدے داروں نے اسٹریٹیجک اور عالمی امور پر گفتگو کے ساتھ ساتھ مشرقی ایشیا سمیت براعظم ایشیا میں امن و استحکام پر زور دیا اور سرد جنگ کے تفکر اور مذہبی اختلافات کی بنیاد پر مقابلہ آرائی کی مخالفت کا اعلان کیا۔
اس دوران یوکرین کی صورتحال اور دونوں ممالک کے گہرے اسٹریٹیجک تعلقات پر بھی زور دیا گیا۔
اس موقع پر روس کی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نے کہا کہ بیجنگ ماسکو کی خارجہ پالیسی میں سرفہرست ہے اور دونوں ممالک کو چاہئے کہ مغربی دنیا کا متحد ہوکر مقابلہ کریں ۔ انہوں نے تائیوان، تبت اور ہانگ کانگ سمیت مختلف معاملات میں روس اور چین کے یکساں اور ناقابل تبدیل موقف پر بھی زور دیا۔
بدھ کے روز چین کی کمیونسٹ پارٹی کے خارجہ امور کے سربراہ وانگ یی، ماسکو میں روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے بھی ملاقات کریں گے۔
باخبر ذرائع نے بتایا ہے کہ چین کے صدر شی جن پنگ بھی اپریل یا مئی کے دوران ماسکو کا دورہ کریں گے۔ 

ٹیگس