Feb ۲۷, ۲۰۲۳ ۱۷:۰۸ Asia/Tehran
  • مغربی ممالک یوکرین کی حمایت کر رہے ہیں یا اسے فریب دے رہے ہیں ؟

ایک ایسے وقت میں جب مغربی ممالک یوکرین کو ہتھیاروں کی فراہمی جاری رکھے ہوئے ہیں امریکہ نے کہا ہے کہ وہ فی الحال کیف کو ایف سولہ طیاروں کی فراہمی کا ارادہ نہیں رکھتا - دوسری جانب یوکرین کے صدر نے اپنے ملک کی یونائٹڈ فورسز کے کمانڈر کو برطرف کردیا ہے

سحر نیوز/ دنیا: امریکہ کی قومی سلامتی کے امور کے مشیر جیک سالوان نے کہا ہے کہ واشنگٹن یوکرین کو ایف سولہ جنگی طیارے فراہم کرنے کا ارادہ نہیں رکھتا - امریکی قومی سلامتی کے امور کے مشیر نے صدر جوبائیڈن کے اس بیان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ یوکرین کے لئے ایف سولہ جنگی طیاروں کی فراہمی  کا امکان فی الحال نہیں ہے کہا کہ یوکرین کے صدر کی باربار کی درخواست کے باوجود امریکہ کیف کو  ایف سولہ جنگی طیارے فراہم نہیں کرے گا - جیک سالوان نے کہا کہ امریکہ سمجھتا ہے کہ یوکرین  کو اس وقت ٹینک توپ ، بکتر بندگاڑیاں اور دیگر اینٹی ایئرکرافٹ سسٹم جیسے جنگی ساز وسامان کی زیادہ ضرورت ہے اور اسی لئے صدر بائیڈن یوکرین کو ایف سولہ فراہم کرنے کے بارے میں ابھی نہیں سوچ رہے ہیں -

اس درمیان یوکرین کے لئے مغرب کی اسلحہ جاتی حمایت کے سلسلے میں کرویشیا نے کہا ہے کہ وہ یوکرین کو چودہ جنگی ہیلی کاپٹر فراہم کررہا ہے - یہ ہیلی کاپٹر اس وقت کرویشیا کے ولیکا گوریکا ایئربیس میں کھڑے ہیں اور خیال کیا جارہا ہے کہ یہ  ہیلی کاپٹر آئندہ دس روز میں یوکرین ارسال کردیئے جائیں گے -  اس درمیان روس کی قومی سلامتی کے امور  کے نائب سربراہ الیکزنڈر مدودوف نے کہا ہے کہ یوکرین کے لئے مغرب کی اسلحہ جاتی مدد دنیاکو ایٹمی جنگ کی طرف لے جارہی ہے - روس کی قومی سلامتی کے امور کے نائب سربراہ نے کہا کہ یوکرین کو ہتھیاروں کی بھرمار ہر قسم کے ممکنہ امن مذاکرات کو بھی روک سکتی ہے ۔
اس درمیان بریسلز اور پیرس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے سڑکوں پر نکل کر یوکرین جنگ کے خاتمے کا مطالبہ کیا - ایک ایسے وقت جب بلجیم اور فرانس سمیت بیشتر مغربی ممالک جنگ یوکرین کے طولانی ہونے کا باعث بنے ہوئے ہیں ان ملکوں  کے عوام نے جنگ کے فوری خاتمے کا مطالبہ کیا ہے 

ٹیگس